لاہور(خبرنگار)سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں علماء ومشائخ کے 20 رکنی وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین اور پاکستان مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری طارق حسن بھی ملاقات میں موجود تھے ، اس موقع پر علماء کرام اور مشائخ عظام کا کہنا تھا کہ دشمن کے کسی ایجنڈے اور سازش کو پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے،پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ عالم اسلام کو درپیش چیلنجز اور مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے ۔ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے علماء کرام اور مشائخ عظام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرامن معاشرے کے قیام اور قومی یکجھتی کے فروغ میں علماء ومشائخ کا کلیدی کردار ہے -اسلام امن ، محبت ، اخوت ، رواداری اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے علماء کرام اور مشائخ اپنی آواز کے ذریعے اتحاد،مزہبی ہم آہنگی،یگانگتت اور اخوت کے جذبات کو فروغ دیں ، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پیغام پاکستان،پاکستان کا عظیم بیانیہ ہے جس پر 18ہزار علماء کرام کے دستخط ہیں اور پیغام پاکستان میں فرقہ واریت، دہشت گردی،انتہا پسندی اور خود کش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے۔