سوات کے متاثرہ خاندان کی کہانی پر سٹیج ڈرامےکا انعقاد

March 22, 2023

پشاور( وقائع نگار) نجی نیشنل یونیورسٹی پشاور میں ڈرامیٹک سوسائٹی نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور محکمہ امور نوجوانان خیبرپختونخواکے تعاون سے تھیٹر ڈرامہ کا انعقاد کیا ۔تھیٹر کی کہانی سوات کے ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی تھی جو 2009سے قبل کی شورش سے متاثر ہوجاتا ہے۔ خاندان کے 5افراد جس ذہنی تناؤ اور نفسیاتی مسائل سے دوچار ہوتے ہیں انہیں سٹیج پر پیش کیا گیا ۔سٹیج ڈرامے میں سوات کے متاثرین کا کردار سلمان خالد، لائبہ شاہ، حارث، محمد سعد اور حنا ملک نے ادا کیا۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہ جہان خان تھے جبکہ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز نعیم گل نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہ جہان نے تھیٹر کو انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے فن اور آرٹ کو زندہ رکھتی ہیں سوات میں شہریوں کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا یہ ڈرامہ دراصل اسی کا عکاس ہے۔ مستقبل میں بھی اسی طرح پختونوں پر گزرنے والے مسائل سب کے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ امور نوجوانان نعیم گل نے کہا کہ محکمہ کی یہی کوشش ہے کہ مقامی سطح کے ٹیلنٹ کو پروموٹ کیاجائے اس ڈرامے کے ذریعے یونیورسٹی کے طلباو طالبات کو اپنی صلاحتیں سامنے لانے کا موقع فراہم کیا گیا جو خوش آئند ہے ۔ڈرامیٹک سوسائٹی کی ڈائریکٹر انعم حامد نے کہا کہ مستقبل میں بھی طلباء و طالبات کو نہ صرف اداکاری کیلئے پلیٹ فراہم کیاجائے گا بلکہ ایسی کہانیاں سامنے لائی جائینگی جس سے دنیا واقف نہیں ہے۔