فیصل آباد، مفت آٹے کیلئے آنے والا بزرگ دم توڑ گیا

March 22, 2023

فیصل آباد(نمائندہ جنگ)کلیم شہید پارک میں مفت آٹے کی تقسیم کے پوائنٹ پر آنے والا بزرگ طبیعت بگڑنے پر دم توڑ گیا جبکہ آن لائن سسٹم رکنے کے باعث مردوخواتین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور شدید رش کے باعث بد نظمی کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کے باوجود مفت آٹے کے حصول کیلئے شہریوں کی مشکلات برقرار ہیں ۔گذشتہ روز چھوٹی اناسی نڑوالا روڈ کا رہائشی سردار محمد گھر سے آٹا لینے کیلئے آیا اور کلیم شہید پارک میں آٹے کے فراہمی کے پوائنٹ کے قریب اس کی طبیعت بگڑ گئی ریسکیو ٹیم نے اسے گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اسکے ورثاء کا کہنا ہے کہ سردار محمد آٹا لینے کیلئے صبح سویرے گھر سے گیا تھا جسے آٹا تو نہ مل سکا مگر دوپہر کےو قت اس کی موت کی خبر مل گئی اور لاش گھر آئی۔