یوم پاکستان تجدید عہد کا دن‘ ملک کو ترقی یافتہ بنائینگے‘ سینیٹر ثمینہ

March 23, 2023

کوئٹہ (پ ر)سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ آج اس عہد کی تجدید کا دن ہے جس میں برصغیر میں مسلمانوں کے لئے علیحدہ ملک کے قیام کے لئے قرارداد منظور کی گئی اور1940 ء میں آج ہی کے دن دو قومی نظریے پر قیام پاکستان کی بنیاد رکھی گئی اور مسلمانان ہند نے قائداعظم محمد علی جناح کی زیرک قیادت میں ایک پر امن جدوجہد کے ذریعے 14 اگست 1947ء کو علامہ محمد اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔آج قوم کے نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید تعلیم میں مہارت حاصل کریں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریںکیونکہ مستقبل میں ہمارے پیارے وطن پاکستان کی باگ ڈور نوجوانوں نے ہی سنبھالنی ہے اور ہمیں اپنے نوجوانوں سے قوی امید ہے کہ وہ وطن کے لئے دن رات محنت کریں گے اور ملک کو ترقی پذیر ملک کی فہرست سے نکال کر ترقی یافتہ بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم سب کو عہد کرنا ہے کہ مادر وطن پاکستان پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے اور سب مل کر پاکستان کے دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اوراپنے ذاتی مفادات اوراختلافات کوبھلا کروطن کے لئے اجتماعی مفادات کے لئے کام کریں گے ۔ پوری قوم کو اپنے ملک کی سلامتی و استحکام کے لئے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ متحد ہو کر کھڑے رہنا ہو گا اور مل کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہو گا اس کے لئے آپس کے اختلافات بھلا کر سب کو اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانا ہو گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی قوم اس انقلابی قرارداد کی روح کا ادراک کرے اور روایتی قسم کے تجدید عہد سے آگے نکل کر اس قرارداد کے مطابق پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی تکمیل کیلئے سرگرم ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے جس کی حفاظت کے لئے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔