نوشہرہ میں مسلم لیگ نظریاتی گروپ کا کوئی وجود نہیں، صاحبزادہ حمزہ خان

March 23, 2023

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ضلع نوشہرہ کے صدر اور پراونشل کمیٹی کے ممبر صاحبزادہ حمزہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر امیر مقام متحرک اور فعال سیاستدان ہیں جن کی انتھک محنت اور کوششوں سے مسلم لیگ صوبے میں مضبوط سیاسی قوت بن گئی ہے عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار عوامی سیاست دان انجینئر امیرمقام آنے والے انتخابات کے بعد صوبے کے وزیراعلیٰ ہوں گے جس کے بعد صوبے کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہو گا اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ صاحبزادہ حمزہ خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں انجینئر امیر مقام کی کوششوں سے پی ٹی آئی کی اہم وکٹیں گرتی جا رہی ہیں جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکن جوق درجوق مسلم لیگ میں شامل ہو رہے ہیں۔ مسلم لیگ کے صوبائی صدر اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی طرف سے صوبے میں بجلی و گیس کی فراہمی اور صارفین کے مسائل حل کروانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ضلع نوشہرہ میں نہ تو مسلم لیگ میں کوئی گروپ بندی ہے اور نہ ہی مسلم لیگ کے کارکن نام نہاد نظریاتی گروپ کا ساتھ دینے کے لئے تیار ہیں۔ ضلع نوشہرہ میں مسلم لیگ ایک مضبوط سیاسی قوت بن چکی ہے پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے حلقہ میں ہونے والے صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ کی شاندار کامیابی اور سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کے باوجود پی ٹی آئی کی عبرتناک شکست اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ضلع نوشہرہ کے غیور عوام نے میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے انشا اللہ آنے والے انتخابات میں ضلع نوشہرہ میں پی ٹی آئی کا صفایا ہو جائے گا۔