امرت سنگھ کی گرفتاری کیخلاف بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہزاروں سکھوں کا مظاہرہ

March 24, 2023

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) آسٹریلیا کے دو شہروں میں گزشتہ دو ماہ کے دوران خالصتان کے قیام کیلئے ہونے والے ریفرنڈم میں بڑی تعداد میں سکھوں کی شرکت کے بعد بھارت میں سکھوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور جعلی الزامات میں سکھ رہنما امرت پال سنگھ اور نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف گزشتہ روز بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہزاروں سکھوں نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارتی حکومت سکھوں کے رہنما امرت پال سنگھ کو جعلی مقابلے میں ہلاک کردے گی۔ اس موقع پر بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے زبردست شور شرابا دیکھنے میں آیا۔ بھارتی ہائی کمیشن کے ڈپلومیٹ اسٹاف نے ہائی کمیشن کی چھت سے سکھ مظاہرین پر پانی کی بوتلیں پھینکیں۔ بھارتی پنجاب میں سکھوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائیاں بند کرانے کیلئے اس مظاہرے کا اہتمام فیڈریشن آف سکھ آرگنائزیشنز اور سکھ یوتھ آرگنائزیشنز نے کیا تھا۔ ان کی اپیل پر کام کا دن ہونے کے باوجود احتجاج کیلئے ہزاروں سکھ جمع ہوگئے تھے۔