حقوق نسواں کے نام پر مغربی ایجنڈےکو فروغ دیا جارہا ہے، جماعت جلالیہ

March 24, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) اسلام کے نام پر حاصل کئے جانیوالے پاکستان سے مغربی ثقافت، بدعنوانی اور دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔ مغرب زدہ بعض خواتین حقوق نسواں کے نام پر مغربی ایجنڈےکو فروغ دے رہی ہیں۔ تحفظ ناموس صحابہ بل کو سینٹ سے منظور کروا کر قانون کی شکل میں نافذ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت جلالیہ پاکستان کے سربراہ پیر سید نوید الحسن شاہ نے نیشنل پریس کلب میں بقائے پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال جلالی نے کہا کہ 23مارچ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے اہم دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ بدعنوانی کے حوالے سے قوم میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے علمائے کرام کا کردار اہم ہے۔ بدعنوانی سے بچنے کیلئے تقویٰ بہت ضروری ہے۔