دشمن پھر دہشتگردی کی لہر کو ہوا دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

March 24, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی کی لہر کو ہوا دے رہے ہیں ، دہشت گردوں نے ایک بار پھر ہمارے سکیورٹی دفاتر، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مساجد پر حملے کرنا شروع کر دیے ہیں اور بے گناہ لوگوں کا قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کے دشمن ہیں لیکن قوم انہیں شکست دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جہاں وہ یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پہنچے تھے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کی اس لہر اور دہشت گردوں کو ایک بار پھر شکستِ پاش کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اہل سنت والجماعت کے مولانا سلیم کھتری، مولانا عبدالقیوم، ماہر تعلیم خالد رضا کا قتل اور اس طرح کے دیگر واقعات بھی دہشت گردی کا حصہ تھے۔