نیویارک (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے آخری دن پاکستان سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات کو باور کرایا ہے کہ حکومت ملک میں ان کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی اور انہیں مطلوبہ سہولتیں فراخدلی سے مہیا کی جائیں گی۔ پوٹھوہار سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار ملک غلام عباس اور راجہ رزاق نے وزیراعظم کو اس موقع پر بتایا کہ وہ کم و بیش ایک ارب روپے کی سرمایہ کاری سے اسلام آباد میں شاندار فائیواسٹار ہوٹل تعمیر کرنے کے لئے آمادہ ہیں جسے سوا دو سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوٹل ہو گا جس سے پاکستان کے وفاقی دارالحکومت کی عظمت میں اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ملک غلام عباس اور راجہ رزاق کی استدعا منظور کرتے ہوئے ہوٹل کا سنگ بنیاد رکھنے کی دعوت منظور کر لی۔