• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داؤد یونیورسٹی میں جدید اسپورٹس کمپلیکس اور طلباء ڈورمیٹری کا سافٹ لانچ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے طلبہ کی فلاح و بہبود اور کیمپس زندگی کو مزید بہتر بنانے کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے داؤد یونیورسٹی اقبال کیمپس میں جدید ترین اسپورٹس کمپلیکس اور نو تعمیر شدہ طلبہ ڈورمیٹری کی سافٹ لانچنگ کردی ہے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے کہا کہ داؤد یونیورسٹی طلبہ کو معاون، صحت مند اور متاثر کن تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ گزشتہ روز افتتاحی تقریب میں رکن سندھ اسمبلی انجینئر عادل عسکری، رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عبدالباسط، داؤد یونیورسٹی کے کثیر تعداد میں سابق طلبہ، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔دونوں اہم منصوبوں کی تکمیل وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) کی انتھک کاوشوں اور طلبہ مرکز وژن کے تحت ممکن ہوئی۔ دونوں منصوبے ڈائریکٹوریٹ آف ورکس اینڈ سروسز، داؤد یونیورسٹی نے مکمل کیے، جبکہ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ سیکیورٹی انجینئر ڈاکٹر صدام علی کھچی کی بھی منصوبوں کی تکمیل میں اہم کاوشیں اور رابطہ کاری شامل رہی۔نومکمل داؤد یونیورسٹی اسپورٹس کمپلیکس میں مکمل طور پر تیار کیا گیا کرکٹ کم فٹسال گراؤنڈ شامل ہے، جس کے گرد ایتھلیٹکس اور جسمانی تربیت کے لیے پروفیشنل رننگ ٹریکس بنائے گئے ہیں۔ ایک مخصوص ملٹی اسپورٹس کورٹ میں باسکٹ بال، ٹینس، بیڈمنٹن، والی بال اور نیٹ بال کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔اسپورٹس کمپلیکس میں مکمل طور پر فرنشڈ ان ڈور اسپورٹس روم بھی قائم کیا گیا ہے، جس میں اسنوکر، ہینڈ سوکر، لڈو، شطرنج، چیکر بورڈ، کیرم بورڈز اور ٹیبل ٹینس کی سہولیات موجود ہیں۔ ڈائریکٹر ورکس اینڈ سروسز ڈاکٹر شاہمیر راجا نے ڈومیٹری کے دستاویزات ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ سیکیورٹی انجینئر ڈاکٹر صدام علی کھچی کے حوالے کیے، جبکہ اسپورٹس کمپلیکس کے دستاویزات ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر انعام اللہ میتلو کے حوالے کیے گئے، جس کے ساتھ ہی دونوں نومکمل سہولیات کی انتظامی ذمہ داری بھی باضابطہ طور پر منتقل کردی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عبدالباسط نے سرکاری شعبے کی اس یونیورسٹی میں ہونے والی ترقی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ داؤد یونیورسٹی کی ترقی دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کسی ترقی یافتہ نجی یونیورسٹی میں موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جامعات کے وائس چانسلرز کو بھی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین کی جانب سے یونیورسٹی کی ترقی اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے طریقۂ کار سے سیکھنا چاہیے۔رکن سندھ اسمبلی انجینئر عادل عسکری نے بھی وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین کی کاوشوں کو سراہا اور طلبہ کے لیے یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات میں مسلسل بہتری کے اقدامات کی تعریف کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے کہا کہ داؤد یونیورسٹی طلبہ کو معاون، صحت مند اور متاثر کن تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ملک بھر سے سے مزید