حیدرآباد(جنگ نیوز)جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ ناموس ِ رسالت ؐپر کوئی آنچ برداشت نہیں کی جائے گی، ختم نبوت ہمارا ایمان اور ناموسِ مصطفیٰ ﷺ ہماری غیرتِ ایمانی کا مسئلہ ہے ،مسلمان پاکستان کی سالمیت، عقیدہ ختم نبوت اور ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کیلئےہر قیمت پر اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حیدرا ٓباد میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیرنے اپنے خطاب میں فیلڈمارشل جنرل عاصم منیر سے ختم نبوت کے تحفظ اور اہم عہدوں سے قادیانیوں کو ہٹانے کامطالبہ کرتے ہوئے ناموسِ رسالت ﷺ کے قانون کے خلاف ہر قسم کی ہرزہ سرائی اور اشتعال انگیزی کا سدباب حکومت کی ذمہ داری قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلمان آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عقیدہ ختم نبوت اور ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، پاکستان کی نظریاتی اساس اور اسلامی تشخص کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے اور زندگی کی آخری سانس تک ختم نبوت کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی،کانفرنس سےجے یو پی سندھ کے صدرعلامہ سید عقیل انجم قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے قوانین اور شہریوں کے بنیادی مذہبی جذبات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔