سجا ہے سحری اور افطاری کا دستر خوان

March 24, 2023

ہم نے سوچا کیوں نہ اس ہفتے آپ کو سحری اور افطاری کے کچھ خاص کچھ عام پکوان کی تراکیب بتا دیں، تاکہ آپ کو سحری اور افطاری میں لذت سے بھر پور پکوان بنانے میں آسانی ہو۔ ذیل میں چند پکوانوں کی تراکیب بتا رہے ہیں، انہیں بنا کر خود بھی مزےسے کھائیں اور گھر والوں کو بھی کھلائیں، پھر دیکھیں گا گھر والے آپ کےکھانوں کی داد دئیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

انڈا کچومر

اجزا: انڈے پانچ عدد (پھینٹے ہوئے )، پیاز ایک عدد(چوپ کی ہوئی )،ٹماٹرتین عدد (چوپ کیے ہوئے )، آلو دو عدد (چوپ کیے ہوئے )،ہری مرچیں چھ عدد (چوپ کی ہوئی)، ہرا دھنیا دو کھانے کے چمچے، پسی ہوئی لال مرچ آدھاچائے کا چمچہ، پسی ہوئی ہلدی چوتھائی چائے کا چمچہ، پسا ہوا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ ،نمک ایک چائے کا چمچہ ،تیل حسب ِضرورت۔

ترکیب: فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے پیا زسنہری کرلیں، پھر انڈے، ہرا دھنیا اور باقی اجزاء ملا کرٹماٹر نرم ہونے تک پکائیں۔ اس میں انڈے شامل کرکے اچھی طرح سے پکائیں، پھر ہرا دھنیا ملا کر گرم گرم پیش کریں۔

پھینی پراٹھا

اجزا: آٹا دوکپ، نمک حسب ِذائقہ، مکھن دو کھانے کے چمچے، انڈا ایک عدد، گھی حسب ِضرورت

ترکیب: آٹے میں نمک ،مکھن اور انڈا مکس کرکے گوندھ لیں ،تھوڑی دیر بعد آٹے کے پیڑے بنا کر روٹی بیل کراس پر گھی لگائیں اور چھری سے باریک باریک پٹیاں کاٹ کر تھوڑی خشکی چھڑک کر رول کر کے پیڑا بنا لیں۔ فرائی پین کو گرم کرکے اس پر پراٹھا ڈال دیں۔ ایک سائیڈ سے سینک جائے تو ہلکے ہاتھ سے پلٹ دیں۔ گھی ڈال کر فرائی کر لیں، مزیدار پھینی پراٹھا تیار ہے۔قیمہ یا سبزی کے ساتھ سحری میں سرو کریں۔

پیزا پراٹھا

اجزا: پیزا کا آٹا ایک پیزا کے برابر کا۔2 ٹماٹر ساس ایک کھانے کا چمچ۔3 موزریلا چیز آدھا کپ، 4 مکئی دو کھانے کے چمچ،5 (مشروم ایک چوتھائی کپ (سلائس کی ہوئی،6 پالک دو کھانے کے چمچ (کٹی ہوئی،7 تیل حسب ضرورت۔

ترکیب: پیزا کے آٹے کے دو پیڑے بنائیں اور دو روٹیاں بیل کر ایک پر تمام اجزاء پھیلا دیں2 اور دوسری روٹی سے اس کو ڈھک دیں۔3کنارے دبا کر اچھی طرح بند کردیں۔4اب تھوڑا تھوڑا تیل ڈال کر دونوں طرف سے سنہری کرلیں۔5تیار ہوجائے تو چوکور ٹکڑے کاٹ کر سحری میں مزیدار پراٹھے سرو کریں۔

مرچ پکوڑے

اجزا: بیسن آدھا کپ ،نمک حسب ِذائقہ ،کھانے کا سوڈا ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ ،اجوائن دو چٹکی ،بڑی ہری مرچیں آٹھ عدد ،پیاز ایک عدد درمیانی ،پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، تیل حسب ِضرورت، چاٹ مسالہ ایک کھانے کا چمچہ ،انار دانہ دوکھانے کے چمچے۔

ترکیب: ہری مرچیں بیچ میں سے ہلکی سی کاٹ کر بیچ نکا لیں، اس کے بعد تمام مسالہ ملا لیں اور اسے چھوٹے چمچے کی مدد سے مرچوں میں بھر دیں۔ بیسن میں پانی مکس کرکے آمیزہ بنا لیں۔ کڑھائی میں تیل گرم کر یں۔ مسالہ بھری ہوئی مرچوں کو بیسن میں لپیٹ کر درمیانی آنچ پر تلیں اور سنہرا ہونے پر نکال لیں، چٹنی اور کیچپ کے ساتھ مزے سے کھائیں۔

کھٹی میٹھی مکس فروٹ چاٹ

اجزا: کیلے چار عدد، خربوزہ ایک عدد، امرود دو عدد، سفید چنے (اُبلے ہوئے) آدھا کپ ،چینی پسی ہوئی چوتھائی کپ ،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے، سیب دو عدد ،نمک حسب ِذائقہ۔

ترکیب: کیلے چھیل کر کاٹ لیں، خربوزہ چھیل لر کیوبز کی شکل میں کاٹ لیں۔ امرود کے بیج نکال کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ سیب کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ ایک بڑے پیالے میں کیلے، خربوزہ، امرود، سیب، سفید چنے، چینی، لیموں کا رس اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیےرکھ دیں۔ سرونگ ڈش میں نکال کر ٹھنڈی ٹھندی کھٹی میٹھی چاٹ افطاری میں سرو کریں۔

میمنی کھٹے آلو چاٹ

اجزا : آلو ایک کلو، تیل دو کھانے کے چمچے، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسب ِذائقہ ،پسا ہوا دھنیا آدھا چائے کا چمچہ ،زیرہ بھنا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، چاٹ مسالہ ایک چائے کاچمچہ، املی کا پیسٹ آدھی پیالی، چینی ایک کھا نے کا چمچہ ،چکن پائوڈر ایک چائے کا چمچہ، زرد رنگ دو چٹکی، ہرا دھنیا آدھا کپ، ہری مرچ ایک چائے کا چمچہ۔

ترکیب: آلو ابال کر چھیل لیں، پھر سوس پین میں تیل گرم کر کے اس میں لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال کر فرائی کریں۔ بعدازاں نمک، لال مرچ، چاٹ مسالہ، چکن پاؤڈر، چینی، زردہ رنگ، زیرہ، اور دھنیا پاؤڈر، ڈال کر بھونیں ساتھ میں تھوڑا پانی بھی ڈال دیں۔ آلو املی اور ہری مرچوں کا پیسٹ ڈال کر دم پر رکھیں اور پانچ منٹ بعد ہرا دھنیا ڈال کر افطاری میں مزے سے کھائیں۔