پاک افغان ٹی 20 سیریز، شارجہ اسٹیڈیم میں کڑی سیکورٹی، تماشائیوں کیلئے سخت ضابطہ اخلاق

March 25, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور افغانستان کے درمیان شارجہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے موقع پر جمعے کی شب شارجہ اسٹیڈیم میں سخت سیکیورٹی دیکھنے میں آئی، دونوں ملکوں کے تماشائیوں کو الگ الگ انکلوژر میں بٹھا یا گیا، اسٹیڈیم میں آنے والے تماشائیوں کی جامہ تلاشی بھی لی گئی،چند ماہ قبل ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نسیم شاہ کے دو چھکوں کے بعد پاکستان کی افغانستان کے خلاف ناقابل یقین فتح پر تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد شارجہ سٹیڈیم اب پاکستان اور افغانستان کے تین ٹی 20 انٹر نیشنل کی میزبانی کررہا ہے۔ماضی کے تلخ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار سیکیورٹی اداروں نے تماشائیوں پر کڑی نگاہ رکھنے کی حکمت عملی بنائی، سکیورٹی بڑھا دی گئی، تماشائیوں کیلئے سخت ضابطہ اخلاق بنایا گیا،دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلی باہمی ٹی 20 سیریز ہے۔اس سے قبل 3 میچز کھیلے جاچکے ہیں،جوایونٹس کے میچ تھے۔تمام 3 میچزمیں پاکستان نے کامیابی حاصل کی لیکن افغانستان نے آخری میچزمیں زبردست مزاحمت کی۔گزشتہ سال ایشیا کپ میچ میں تو ایک موقع پر پاکستان کی شکست یقینی نظر آرہی تھی کہ اختتامی لمحات میں نسیم شاہ کے چھکوں نے ٹیم کو ایک وکٹ سے کام یابی دلوائی تو شارجہ میں ماحول بھی گرم ہوگیا۔ جس کے بعد کرکٹ فینزکے خلاف بھی ایکشن ہوا تھا،پاکستان اورافغانستان کے درمیان پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ8 دسمبر 2013 کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔پاکستان 6 وکٹ سے فتحیاب ہوا۔اس کے 8 سال بعد دوسرا میچ 29 اکتوبر 2021 کو دبئی میں ہوا۔یہاں پاکستان 5 وکٹ سے فتحیاب ہوا۔آخری میچ گزشتہ سال 7 ستمبر 2022 کو اسی شارجہ میں ہوا،جہاں ایک کڑے مقابلہ کے بعد ایک وکٹ کی جیت ملی، تینوں میچوں کی دل چسپ بات یہ ہے کہ پاکستان نےافغانستان کے خلاف کبھی پہلے بیٹنگ نہیں کی۔پہلے 2 میچزمیں افغانستان نے ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کی،آخری میچ میں پاکستان ٹاس جیتا تو اس نے خود افغانستان کے خلاف اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔