نیشنل میٹرالوجی انسٹیٹیوٹ میں پہلی بھرتیوں پر اعتراض، نئی کا پراسیس شروع

March 25, 2023

اسلام آباد (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ادارے نیشنل میٹرالوجی انسٹیٹیوٹ آف پاکستان (این ایم آئی پی) میں جہاں ڈیڑھ سال پہلے کی بھرتیوں پراب بھی مبینہ طور پر اعتراضات اٹھ رہے ہیں وہاں اب نئی بھرتیوں کا پراسس شروع کر دیا گیا ہے ، نئی ریکروٹمنٹ کمیٹی گریڈ 19کے افسرپرنسپل سائنٹفک آفیسر مقصوم حسین شاہ کی سربراہی میں قائم کی گئی ہےجس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ایک سیکشن آفیسر بھی شامل ہیں ، بھرتی کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل بھی مکمل کر لیا گیاہے۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل ہونے والی گریڈ ایک سے پندرہ تک کی خالی اسامیوں پر بھرتیوں کے معاملے پراعتراضات اٹھتے رہے ہیں کہ قواعد و ضوابط کے برعکس بھرتیاں کی گئی ہیں ، اس پرپہلے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے گریڈ 20 کے افسر زوار حسین کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی جس کی رپورٹ کی تفصیلات قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بھی پیش کی گئی تھیں تاہم وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے بعض شکایات جس میں سعد نامی امیدوارکی بطور یوڈی سی تقرری پر اعتراض اٹھایا گیا تھاکہ وہ گریڈ ایک میں بھرتی ہوا جسے بعد میں گریڈ 11دیدیا گیا ، اس پر سینئر جوائنٹ سیکرٹری کی سربراہی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ۔ اس حوالے سے جب ڈائریکٹر جنرل نیشنل میٹرالوجیکل انسٹیٹیوٹ آف پاکستان فوزیہ خان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پوسٹوں کو کم یا بڑھانے کیلئے ہم نے پہلے سے ہی اشتہار میں دے رکھا تھا ، قواعد و ضوابط اور میرٹ کے مطابق ہی بھرتیوں کا عمل مکمل کیا گیا تھا، اب بھی میرٹ پر ہی بھرتیاں ہونگی۔ سعد نامی امیدوار نے تین پوسٹوں کیلئے اپلائی کیا تھا ،اس کا بھرتی ہونے والےگریڈ ایک کے امیدواروں کی فہرست میں بھی نام تھا جبکہ اس نے یو ڈی سی کی پوسٹ کیلئے بھی اپلائی کیا ہواتھاجس کیلئے وہ مطلوبہ تعلیمی قابلیت رکھتا تھا ، اس پوسٹ کیلئے اس نے ٹیسٹ و انٹرویو دے رکھا تھا اور اس کا نام یوڈی سی کی پوسٹ کیلئے امیدواروں کی فہرست میں دوسرا نمبر تھا ، پہلے نمبر والے امیدوار کو تقرر نامہ جاری کیا گیاتھا مگر اس کی اسی دوران وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ایک اور ادارے سائنس فاؤنڈیشن میں تقرری ہو گئی جس پر اس نے ہمارے ادارے میں جوائننگ نہیں دی جس پر سعد کوجومتبادل امیدوار تھا کو اتھارٹی کی منظوری کے بعد یو ڈی سی کا تقرر نامہ جاری کیا گیا۔