الیکشن کمیشن کے 6؍ یوسیز میں دوبارہ گنتی کے فیصلے کو چیلنج کرینگے، حافظ نعیم

March 26, 2023

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی 6یوسیز میں دھاندلی زدہ اور تبدیل شدہ نتائج کو درست کرنے کے بجائے دوبارہ گنتی کا جو فیصلہ کیا ہے اسے ہم چیلنج کریں گے۔ اہل کراچی نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس کا تحفظ کریں گے، دو ماہ سے زیادہ عرصے تک کوئی فیصلہ نہ کر کے الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کو فائدہ پہنچایا ہے اور سندھ حکومت کو پورا موقع فراہم کیا گیاکہ نتائج میں من پسند تبدیلی کی جا سکے۔سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے ہاتھوں کراچی کو مزید تباہ و برباد نہیں ہونے دیں گے۔ جماعت اسلامی ہی کراچی کی حالت سدھار سکتی ہے۔ 18اپریل کو ملتوی شدہ نشستوں پر انتخابات میں عوام ترازو کے نشان پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے میئر کا انتخاب یقینی بنائیں۔حکومت کے اعلان کے باوجود رمضان المبارک میں سحر و افطار میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہو رہے ہیں۔ عدالت اور نیپرا کے احکامات کے بر خلاف کے الیکٹرک کا بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر پوری کی پوری آبادی کی بجلی بند کر نا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔، ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء راجا عارف سلطان،انجینئر سلیم اظہر،پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ، ڈپٹی سیکریٹری یونس بارائی،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث عوام لیاری سمیت جگہ جگہ احتجاج کرنے اور دھرنے دینے پر مجبور ہو رہے ہیں اور اس وجہ سے امن وامان کا مسئلہ بھی پیدا ہو رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کراچی میں پیپلز پارٹی کا میئر لانے میں اس کا مدد گار بن رہا ہے۔