ایک بیگ آٹا لینے والے 10 روز بعد دومفت تھیلے یکمشت لے سکیں گے

March 26, 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ جن شہریوں کو حکومت پنجاب کی مفت آٹا سکیم کے تحت ایک 10کلو کا آٹے کا بیگ مل چکا ہے وہ دس دن بعد دو بیگ یکمشت حاصل کر سکیں گے۔ لیاقت باغ میں قائم مفت آٹا میگا پوائنٹ کا دورہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں مجموعی طور پانچ لاکھ سے زائد افراد کو حکومت پنجاب کی مفت آٹا سکیم کے تحت 10کلو آٹے کے تین تھیلے فراہم کئے جائینگے اور یہ ٹارگٹ 25رمضان المبارک تک مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ دو بیگ یکمشت فراہم کرنے کا فیصلہ شہریوں کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے تاکہ انہیں آٹا پوانٹس کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے باوجود آٹے کی سپلائی بلاتعطل جاری ہے تاکہ شہریوں کو اس فلاحی پروگرام سے بروقت سہولت میسر ہو سکے۔