دیہی مراکز مال ، ڈیجیٹل گرداوری سو فیصد مکمل کرنے کی ہدایت

March 26, 2023

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی ہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں دیہی مراکز مال اور ڈیجیٹل گرداوری کو آئندہ ہفتے ہونے والے جائزہ اجلاس سے قبل سو فیصد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ پٹواریوں کے سر پر بیٹھ کر مینول موضع کی جمع بندی کو مکمل کروائیں، ریونیو اصلاحات کا مقصد عوام کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانا اور ان کے زمینوں سے متعلقہ مسائل کا فوری حل نکالنا ہے اس سلسلے میں ہدایت کی جاتی ہے کہ تمام اضلاع ریونیو اصلاحات کے لئے دئیے جانے والے ٹارگٹس کو جلد از جلد مکمل کریں تا کہ اس کے اثرات عوام تک پہنچ سکیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ بلاک کھیوٹس کو ان بلاک کیا جائے اور انٹیرم میو ٹیشن کے کو 31 مارچ 2023 تک مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریونیو سے متعلقہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ جیوڈیشل کیسز ڈپٹی کمشنرز خود سنیں اور کسی کی بھی عدالت میں ایک سال سے پرانا کیس نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تحصیلدار و نائب ہر کیس میں دونوں پارٹیز کا موقف سننے کے بعد تفصیلی فیصلہ دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کوئی بھی فیصلہ ہاتھ سے لکھا ہوا نہیں بلکہ ٹائپ شدہ ہونا چاہیے۔