کارکنوں کی بلا جواز گرفتاریاں بند نہ ہوئیں تو عالمی اداروں سے رجوع کریں گے، PTI رہنما

March 27, 2023

برسلز( حافظ اُنیب راشد) پاکستان تحریک انصاف کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے حکومت پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی بلا جواز گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ بلاجواز گرفتاریاں بند نہیں کی گئیں توکارکن پھر یورپ اور دنیا میں موجود انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے رابطہ کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی بلجیم، اٹلی، آسٹریا اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ ان راہنماؤں میں شامل میاں شعیب، نصیر احمد ملہی، عامر ملک، مرزا محمد خالد، مدثر حسین، اظہر ساہی اور حفیظ چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا جرم یہ ہے کہ وہ جمہوریت کے نام پر جاری سٹیٹس کو کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ بن کر سامنے آیا ہے۔ جسے روکنے کیلئے پی ڈی ایم حکومت اور ان کے حواری ہر طرح کے غیر جمہوری اور استحصالی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ ان راہنماؤں نے تحریک انصاف کے چئیرمین کے خلاف 100سے زائد مقدمات کو انصاف کا گلا گھونٹنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پی ڈی ایم حکومت کو متنبہ کیا کہ پی ٹی آئی یورپ کے کارکن یورپین پارلیمنٹ اور دیگر اداروں کے سامنے صرف ایک ہی مظاہرے پر موقوف نہیں کریں گے بلکہ انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کے خلاف وہ اسے یورپ بھر میں ایک مستقل کمپین میں بدل دیں گے۔ ان رہنماؤں نے مزید کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کی منسوخی جمہوریت کے خلاف ایک بڑی سازش ہے۔ الیکشن قومی مسائل سے نمٹنے اور نکلنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ کل تک انتخابات کا مطالبہ کرنے والے اس سے بھاگ رہے ہیں۔ اگر پی ڈی ایم ملک میں ایک ہی بار انتخابات کو ضروری خیال کرتی ہے تو وہ مرکزی حکومت توڑے اور تمام ملک میں ایک ساتھ ہی انتخابات کروا لیے جائیں۔ اس موقع پر ان راہنماؤں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ظلم کے خلاف جدوجہد کو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھے جانے کے مترادف قراردیتے ہوئے ان کی جرئت کو سلام پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کو مخاطب بناتے ہوئے کہا کہ وہ ظالمانہ اقدامات کے ذریعے اپنے فطری حلیفوں کو حریف نہ بنائیں۔ اس سے اداروں اور عوام کے درمیان نفرت کی ایک ایسی ان دیکھی دیوار کھڑی ہوجائے گی جو تا دیر قائم رہے گی اور اس سے سب کا نقصان ہوگا۔ ان راہنماؤں نے، ان کیلئے مزید تجویز کیا کہ وہ ملک میں سیاسی عمل کے آگے بڑھنے میں آسانی فراہم کرکے اپنے اور عوام کے درمیان پیدا ہو جانے والی وقتی خلیج کو دور کرنے کا سبب بنیں۔ IMG ING اظہر ساہی،حفیظ چوہدری، میاں شعیب، عامر ملک، مرزا خالد اور مسٹر مدثر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔