لیبر لیڈر سرکیئر سٹارمز نے دو برسوں میں 118، 580 پونڈ ٹیکس ادا کیا

March 27, 2023

لندن (پی اے) لیبر لیڈر کے جاری کردہ مالیاتی ریکارڈ کے مطابق پارٹی سربراہ سر کیئر سٹارمر نے گزشتہ دو سال کے دوران برطانیہ میں ٹیکس کی مد میں 118,580 پونڈ ادا کئے ہیں۔ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے 2020سے اب تک کی آمدنی اور کیپٹل گین سے 359,720پونڈ کی کل آمدنی پر ٹیکس ادا کیا ہے۔ وزیراعظم رشی سوناک کی جانب سے اپنے مالیات کی تفصیلات شائع کرنے کے ایک دن بعد سرکیئر سٹارمر کا مالیاتی ریکارڈ ریلیز کیا گیا۔ مسٹر سوناک ڈیوڈ کیمرون کے بعد پہلے وزیراعظم بن گئے جنہوں نے اپنے ٹیکس کے معاملات کا انکشاف کیا ہے۔ گزشتہ سال سر کیئر سٹارمر کی آمدنی اور کیپیٹل گین مسٹر سوناک کی آمدنی سے کم ہو گئے جنہوں نے 1.9ملین پونڈ سے زیادہ کمائے جو لیبر لیڈر سے نو گنا زیادہ ہے۔ مسٹر رشی سوناک کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے 019 اور 2022کے درمیان 4.7ملین پونڈ کی کمائی میں برطانیہ کے ٹیکس میں ایک ملین پونڈ سے زیادہ کی ادائیگی کی ہے لیبر لیڈر سر کیئر سٹارمر کے ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ انہوں نے 2020/21کے درمیان 147,633 ملین پونڈ کی مجموعی آمدن پر51,547پونڈ جبکہ 2021/22میں 212,087پونڈ کی آمدنی پر 67,033 پونڈ ادا کئے۔ گزشتہ سال ان کی کمائی میں 85000 پونڈ سے زیادہ وہ کیپٹل گین شامل تھا، جو انہیں اس گھر کی فروخت سے حاصل ہوا جو انہوں نے اپنی بہن کے ساتھ خریدا تھا، جس میں وہ اور انکے بچے رہتے تھے۔ 2020/21میں لیبر لیڈر نے، جو ایک بیرسٹر ہیں،نے لیگل سروسز کیلئے 21000پونڈ سے زیادہ رقم حاصل کی۔ اپریل 2020میں جب وہ لیبر لیڈر بنے تو انہوں نے لیگل ورک کرنا چھوڑ دیا تھا۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ٹیکس برسوں میں انہوں نے بک رائلٹی کی مد میں بھی تھوڑی سی رقم حاصل کی ہے۔ گزشتہ سال رکن پارلیمنٹ ہونے کی وجہ سے ان کی تنخواہ 76,961 پونڈ تھی اور اپوزیشن لیڈر ہونے کی وجہ سے انہیں 49,193 پونڈ کی اضافی رقم ملی تھی۔ سر کیئر سٹارمر اس سے قبل سینئر سیاستدانوں بشول وزیراعظم اور چانسلر سے یہ مطالبہ کر چکے ہیں کہ وہ اپنے ٹیکس گوشواروں کو شائع کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سیاست میں اعتماد ہے۔ اس سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سر کیئر سٹارمر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وزیراعظم نے اپنے ٹیکس کی تفصیلات شائع کیں لیکن انہوں نے کہا کہ یہاں انتخاب کے بارے میں ایک وسیع نقطہ نظر ہے۔ انہوں نے گزشتہ دہائی کے دوران کنزرویٹو حکومتوں کے تحت ٹیکس پالیسی کے ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ہمیشہ اپنی ٹیکس پالیسیز میں معاشرے کے امیر ترین لوگوں کے بجائے کام کرنے والے لوگوں پر ٹیکس میں اضافہ کرتی ہیں۔ تاہم اس سے قبل ٹیکس معاملات کے بارے میں پوچھا گیا تو مسٹر سوناک نے کہا کہ وہ شفافیت کے مفاد میں اپنے ٹیکسز کی معلومات جاری کرنے کے قابل ہونے پر خوش تھےلیکن انہوں نے کہا کہ میرے لئے سب سے اہم بات یہ ہے کہ میں اس ملک میں مصارف زندگی کے بڑھتے ہوئے بحران میں لوگوں کی مدد کرنے کیلئے کیا کر رہا ہوں۔ سینئر سیاست دانوں کی جانب سے اپنی ٹیکس تفصیلات جاری کرنا برطانوی سیاست میں حالیہ پیش رفت ہے حالانکہ دو سابق وزرائے اعظم بورس جانسن اور لز ٹرس میں سے کوئی بھی ایسا نہیں کر سکا۔ ایسا کرنے والے آخری وزیراعظم مسٹر کیمرون تھے، جنہوں نے اپنے مرحوم والد کے آف شور فنڈ کے بارے میں انکشافات کے بعد ادا کردہ ٹیکس کی سمری شائع کی تھی۔ تاہم سرکیئر سٹارمر نے ایچ ایم ریونیو اینڈ کسٹمز کے پاس جمع کرائے گئے سرکاری ٹیکس ریٹرن کے بجائے اپنی آمدنی اور گینز کی سمری جاری کی۔ اس کے برعکس اس سال کے آغاز میں نکولا سٹرجن نے سکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر بننے کے بعد سے اپنے ایچ ایم آر سی ٹیکس ریٹرنز شائع کئے اور رشی سوناک سمیت دوسرے سیاستدانوں پر بھی ایسا ہی کرنے کیلئے زور دیا۔