معیشت کو چیلنجز کے باوجود پاکستان ترقی کر رہا ہے، سعدیہ الطاف

March 27, 2023

اوسلو (ناصراکبر) ناروےکے دارالحکومت اوسلو میں یوم پاکستان کے حوالے سے سفارتخانہ پاکستان میں تقریب کا اہتمام کیاگیا تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے انعام الحق سیٹھی نے کیا، تقریب کا اہتمام سفارت خانہ پاکستان کے لان میں کیا گیا تھا ۔قومی ترانے کی دھن پر سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے قومی ترانہ کی دھن پر پاکستانی پرچم بلند کیا، سعدیہ الطاف قاضی نے قومی دن کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی اورپاکستان کے قومی دن کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان اور اس کی معیشت کو درپیش متعدد چیلنجز کے باوجود ملک ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور امن و خوشحالی کی طرف بڑھ رہا ہے،پاک، ناروے تعلقات کے بارے میں سفیر پاکستان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ اور کثیرالجہتی شعبوں میں قریبی دوستانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد متعدد بین الاقوامی امور پر مشترکہ تاثرات ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ تجارت،سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات آئندہ برسوں میں بڑھتے رہیں گے۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک 2023 میں اپنی دوستی کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں جس کیلئے دونوں ملک کئی تقریبات کو حتمی شکل دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تقریبات میں بھارت کے غیر قانونی طور پرمقبوضہ جموں و کشمیر میں قید بھائیوں، بہنوں اور بچوں کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتا،سفیر پاکستان نے ہندوستانی قابض افواج کے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کےانسانی حقوق کے حوالے سے سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب سےڈپٹی ہیڈ آف مشن سارا ملک نے بھی قومی دن کے حوالے سے خطاب کیا، ویلفیئر کمیونٹی قونصلر آصف حمید نےصدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھے ،تقریب میں سفارتخانہ پاکستان کے افسران اور کارکنان کے علاوہ اوسلومیں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے رہنما اورمقامی میڈیا سمیت چوہدری قمراقبال،چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں،خالدنذیر بٹ، ملک حمزہ سلطان اعوان، شیخ طارق محمود،چوہدری خالد محمود، چوہدری نظر خان، ڈاکٹر راجہ خرم اقبال، راجہ عاشق حسین اور دیگر کے علاوہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کےآخر میں پاکستان ، ترکی، شام میں زلزلہ زدگان کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔