اسرائیل کیلئے نرم گوشہ پیدا کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں، فلسطین فاؤنڈیشن

March 27, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) فلسطین فائونڈیشن کے زیر اہتمام اسلامک ریسرچ سینٹر لان میں یوم القدس کے عنوان سے سالانہ القدس اجلاس اور افطار وحدت کا انعقاد اکیا گیا جس میں شہر بھر سے مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، خطباء، ذاکرین، اسکالرز، دانشور، یونیورسٹیز کے اساتذہ، وکلاء سمیت سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی،میزبانی کے فرائض قاری عبد الوحید یونس نے انجام دئیے،اس موقع پر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، علامہ باقر زیدی، میجر (ر) قمر عباس، اسرار عباسی، علامہ قاضی احمد نورانی، خاتون دانشور ڈاکٹر صدف مصطفی اور ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فلسطین پر قائم کی جانے والی صہیونی ریاست اسرائیل کو غاصب اور ناجائز قرار دیا ، پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنے والے عناصر اسکولوں اور مختلف مقامات پر غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے لئے نرم گوشہ پیدا کرنے کی گھناؤنی سازشیں کر رہے ہیں اور پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں، مقررین کاکہنا تھا کہ حکومت رمضان المبارک میں جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا سرکاری اعلان او ر ملک بھر میں اسرائیل کے سلیپر سیل کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے، مقررین کاکہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ملک بھر میں 23رمضان المبارک بروز جمعہ عالمی یوم القدس منائیں گے،اجلاس و افطار وحدت میں مسلم پرویز، علامہ مرزا یوسف حسین، مفتی فیروز الدین رحمانی، مفتی مرتضیٰ رحمانی، سید ارشد نقوی، مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، علامہ باقر حسین، علامہ حسن رضا اور دیگر نے شرکت کی ۔