بجلی لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر کی کمی باعث تشویش ہے، اے این پی

March 27, 2023

کوئٹہ (آئی این پی ) عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں کہاگیا ہے کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر کی عدم فراہمی باعث تشویش ہے، کوئٹہ شہر کو رمضان میں بھی ریلیف فراہم نہیں کیا جارہاہے اگر یہی صورتحال رہی تو عوامی نیشنل پارٹی رمضان میں سوئی سدرن اور کیسکو کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی، ضلعی انتظامیہ سستے بازاروں کے انعقاد کو یقینی بنائے ۔ بیان میں کہاگیا کہ اس وقت کوئٹہ شہر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیاگیا جس کی وجہ سے غریب عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں نواں کلی عالمو چوک اور کچلاک میں اب تک سستے بازار کا انعقاد نہیں کیاگیا اور نہ ہی پرائس کنٹرول کمیٹی اس حوالے سے اقدامات اٹھارہے ہیں، صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے اور صوبائی حکومت کیسکو اور سوئی سدرن گیس حکام کو ہدایات جاری کرےکہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائے اور بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائے جائے ۔