ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی مہم خاطر خواہ نتائج حاصل نہ کر سکی

March 27, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی "صفائی نصف ایمان ہے" کے سلوگن کے تحت جاری صفائی مہم بھی ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کے لئے خاطر خواہ نتائج حاصل نہ کر سکی ،نئے تعینات ہونے والے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بھی نظرانداز ہونے والے علاقوں کے حوالے سے حکمت عملی بنانے میں ناکام ثابت۔ کمپنی ورکرز کی جانب سے مشینری کی خرابی اور سٹاف کی کمی کو جواز بنا کر شیر شاہ روڈ ، العطا کالونی ، بلوچ چوک ، مل پھاٹک ، گارڈن ٹاؤن اور نادر آباد پھاٹک سمیت دیگر علاقوں سے کچرا نہ اٹھایا جا سکا ، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے - تفصیلات کے مطابق ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی "صفائی نصف ایمان ہے" کے سلوگن سے صفائی مہم جاری ہے ، جس میں کمپنی ورکرز کو ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں اور خالی پلاٹوں کی صفائی کا خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے تاہم کمپنی ورکرز نے مشینری اور افرادی قوت کی کمی کو جواز بنا کر روایتی سست روی کا مظاہرہ جاری رکھا ہوا ہے -اس سلسلے میں نئے تعینات ہونے والے سی ای او بھی نظرانداز ہونے والے علاقوں کیلیے حکمت عملی بنانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ترجمان ایم ڈبلیو ایم سی سب اچھا ہے کا راگ الاپنے میں مصروف ہیں، مل پھاٹک ، العطا کالونی ، غازی آباد چوک ، شیر شاہ روڈ ، کشمیر چوک ، طارق آباد ، سادات کالونی اور بلوچ چوک سمیت شہر کے مختلف علاقے کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکے ہیں - جگہ جگہ پڑا کچرا نہ صرف شہریوں کے لئے آمد و رفت کے مسائل پیدا کر رہا ہے بلکہ تعفن پھیلنے سے بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے - شہریوں کا کہنا ہے کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی کارکردگی صرف مرکزی شاہراہوں پر تصویری سیشن تک ہی محدود ہے،شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومتی ہدایات کے مطابق ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ نظر انداز علاقوں پر خصوصی فوکس رکھے اور خالی پلاٹوں سے کچرا اٹھانے کے لئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے تاکہ ان کی پریشانیاں کم ہو سکیں۔