فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، متعدد فوڈ پوائنٹس پر بھاری جرمانے

March 27, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر)خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں ریسٹورنٹس، سویٹس یونٹس اور ملک شاپس کی چیکنگ کی،اس دوران حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پرمتعدد فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد، 60 لٹر ملاوٹی دودھ، 12 مضر صحت غیرمعیاری مشروبات، 10 کلو غیر معیاری اشیاء تلف کردی گئیں، تفصیلات کے مطابق بوسن روڈ تحصیل چوک ملتان میں ریسٹورنٹ کو کھانوں کی تیاری میں ایکسپائرڈ اجزاء کا استعمال کرنے، فریزر میں گندگی پائےجانے پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اسی طرح شاہ رکن عالم ملتان میں پروسیسنگ ایریا میں حشرات کی بھرمار ہونے، صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہونے پر بیکری یونٹ کو 20 ہزار روپے،اڈا موسیٰ ورک میاں چنوں میں ریسٹورنٹ کو کھانوں کی تیاری میں ناقابلِ سراغ ملاوٹی سرخ مرچوں کا استعمال کرنے، ایکسپائرڈ مشروبات کی فروخت پر 10 ہزار روپے، اڈا 88 میلسی وہاڑی میں خوراک کی تیاری میں ناقابلِ سراغ اجزاء کا استعمال کرنے، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی پر 10 ہزار روپے،شرقی کالونی وہاڑی میں دودھ میں فیٹ اور قدرتی غذائیت کی کمی پائے جانے پر ملک شاپ اور بہاولپور روڈ کہروڑپکا لودھراں میں سپر سٹور کو ایکسپائری اشیاء فروخت کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔