9 ماہ کی تاخیر، انٹر پری میڈیکل کے نتائج جاری

March 28, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے 9 ماہ کی تاخیر کے بعد انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس پری میڈیکل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پری میڈیکل کے امتحانات میں 26 ہزار 422 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 25ہزار 786امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔ ان امتحانات میں 12ہزار 625تمام چھ پرچوں میں، 4ہزار 364 پانچ پرچوں میں، 3ہزار 222 چار پرچوں میں، 2ہزار 592 تین پرچوں میں، 1ہزار 588 دو پرچوں میں جبکہ 851 امیدوار ایک پرچے میں کامیاب ہوئے۔نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ طلبہ اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ کے ذریعہ بھی معلوم کرسکتے ہیں۔ اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کرکے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔