کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل شہید بینظیرآباد کی سانگھڑ پولیس لائن اور دیگر جگہوں پر کارروائیوں میں حوالہ ہنڈی ،فارن ایکسچینج اور بھارتی اسمگل گٹکا کی خریدو فروخت میں ملوث نیٹ ورک کے سرغنہ ایس ایس پی سانگھڑ آفس کا جونئیر کلرک، ایک پولیس اہلکار سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان میں سرغنہ غلام سرور جعفری، پولیس اہلکار ممتاز علی، رانا غلام محی الدین بابر، جمیل احمد، شوقین، عمران علی شامل ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ملکی و غیرملکی کرنسی، بھاری مقدارمیں گٹکا، بیش قیمت گاڑیاں، متعدد موبائل فونز، کرنسی 7 ہزار 409 امریکی ڈالرز اور پونے دو کروڑ پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔ مختلف بینکوں کی چیک بکس اور چیکس، بینک ڈپازٹ سلپس، لیپ ٹاپس اور اسلحہ بھی ملزمان سے برآمد ہوئے۔