پولیس خدمت مرکزلیاقت باغ کو24 گھنٹے فعال رکھنے کے اقدامات

March 28, 2023

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)پولیس خدمت مرکزلیاقت باغ عوام کو 24گھنٹے سہولیات فراہم کرے گا۔ذرائع کے مطابق آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انورکے حکم پر راولپنڈی ضلع کے تین خدمت مراکزکو چوبیس گھنٹے عوام کے لئے فعال کیا جارہاہے ،اس سلسلے میں ابتدائی طورپرپولیس خدمت مرکزلیاقت باغ کوعوام کی سہولت کے لئے دن رات کھلارکھنے کے لئے اقدامات شروع کر دئیے گئے جہاں آئندہ چندروز میں آٹھ ،آٹھ گھنٹے کی تین شفٹوں میں عملہ عوام کی خدمات کے لئے دستیاب ہوگا،بعدازاں ٹیکسلا اورگوجرخان کے خدمت مراکزمیں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ یادرہے کہ 2015میں شہبازشریف کی وزارت اعلیٰ کے دوران پنجاب بھرمیں عوام کوایک ہی چھت تلے پولیس سے متعلقہ سہولیات کی فراہمی کے لئے خدمت مراکزکاقیام عمل میں لایاگیاتھا،اس وقت پنجاب کے 36اضلاع میں پولیس خدمت مراکزعوام کوایک ہی چھت تلے14سہولیات فراہم کررہے ہیں ان میں کرایہ داررجسٹریشن ، دستاویزات گمشدگی رپورٹ،خواتین پرتشددکی رپورٹ، پولیس کیریکٹرسرٹیفیکیٹ ، لرنر ،ڈرائیونگ لائسنس ،بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس،ملازم کی رجسٹریشن ، گاڑی رجسٹریشن کی تصدیق،جرائم رپورٹ ،ایف آئی آرکی کاپی ،جنرل پولیس ویری فیکیشن ،ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید،بچوں کی گمشدگی رپورٹ اورمیڈیکولیگل سرٹیفیکیٹ شامل ہیں ۔راولپنڈی ضلع میں اس وقت آٹھ پولیس خدمت مرکزکام کررہے ہیں ،جوپیرسے ہفتہ تک صبح 9بجے سے شام 5بجے تک کام کرتے ہیں ۔