کیو ایس کی عالمی درجہ بندی برائے جامعات میں نسٹ کی 19 درجے ترقی

March 28, 2023

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) کیو ایس عالمی درجہ بندی برائے جامعات کی 2023ء کی رپورٹ کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) پاکستان انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں 19درجے ترقی کرتے ہوئے عالمی سطح پر 160ویں نمبر پر پہنچ گئی جبکہ پاکستان کے اندر نسٹ نے مسلسل 7ویں سال اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھا ۔ مجموعی طور پر نسٹ 6تدریسی شعبوں میں درجہ اول پر ہے جن میں الیکٹریکل اور الیکٹرانکس انجینئرنگ‘ کمپیوٹر سائنس‘ میکینکل‘ ایروناٹیکل اور مینو فیکچرنگ انجینئرنگ، کیمیکل انجینئرنگ، سول اور سٹرکچرل انجینئرنگ اور مٹیریل سائنس شامل ہیں۔ عالمی سطح پر جامعات کی مجموعی درجہ بندی میں نسٹ کا درجہ 334ہے جبکہ براعظم ایشیاء میں 67ہے، نئی قائم شدہ جامعات کی عالمی درجہ بندی میں نسٹ کا نمبر 41ہے۔