زبردستی دکانیں بند کرانا ناقابل قبول، انتظامیہ نوٹس لے: انجمن تاجران گول باغ

March 28, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) گردیزی مارکیٹ میں ڈکیتی کی واردات اور تاجر کی شہادت قابل مذمت، ڈاکو پکڑے جانے اور ہلاک ہونے کے بعد زبردستی دکانیں بند کرانا قبول نہیں۔ واقعہ کے خلاف سوگ اور غم و غصہ میں دکانیں علامتی طور پر بند کیں لیکن نام نہادتاجر لیڈر عارف فصیح اللہ کا پولیس سرپرستی میں چند ڈنڈا بردار نوجوانوں کے ہمراہ گلگشت میں زبردستی دکانیں بند کرانے کے واقعات کا انتظامیہ نوٹس لے جس سے تاجر ہراساں وپریشان ہوتے رہے ۔ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران گول باغ گلگشت کے صدر اور چیمبر آف سمال ٹریڈرز گلگشت زون کے صدر شیخ محمد ندیم نے تاجروں کے ہمراہ زبردستی دکانیں بند کرائے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گردیزی مارکیٹ میں جیولر شاپ پر ڈکیتی کی واردات اور تاجر کی شہادت کا دکھ اور افسوس ہے لیکن ڈاکو پکڑے جانے اور گلگشت کے تاجروں کی جانب سے سوگ و احتجاجا دکانیں از خود بند کرنے کے بعد دکانیں زبردستی بند کرانے کے واقعات قابل قبول نہیں انہوں نے تاجروں کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے انتطامیہ سے مطالبہ کیا کہ زبردستی دکانیں بند کرانے کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے تاکہ وہ آئندہ اس قسم کی حرکات سے تاجروں کو ہراساں و پریشان نہ کرسکیں مظاہرہ میں چیئرمین راؤ جاوید،جنرل سیکرٹری زیشان بھٹی،نائب صدر فرحان بھٹی،ملک خالد،مرزا اسد بیگ،ملک فیصل کریم،صغیر انجم،زیشان شانی،محمد رضوان،ارسلان بھٹی،آصف اوبھایا دیگر نے شرکت کی۔