ملتان،لودھراں،وہاڑی، خان گڑھ (سٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ،نامہ نگار) ایم ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے پاک فوج کی کامیابی اور فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی اور ایم ڈی اے کی جامع مسجد میں شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے۔ بھارت کےخلاف کامیابی پر جیت کا جشن منانے کیلئے اور پاک افواج سے بھرپور یکجہتی کر تے ہوئے ویمن یونیورسٹی میں یوم تشکر منایاگیا اور ریلی نکالی گئی۔صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی270سردار ایثارلقاسمی جواد ڈوگر کی قیادت میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اپنی رہائش گاہ سے ایک تاریخی ریلی نکالی گئی۔بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پرضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے سلام پاک افواج ریلی کا انعقاد، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے غوثیہ چوک سے چلڈرن پارک تک شاندار ریلی نکالی گئی۔مرکزی تنظیم لائسنس داران امام حسین کے زیر اہتمام دربار حضرت شاہ شمس تبریز سبزواری پر اظہار تشکر کے موقع پر پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی گئی اور اس موقع پر پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔انجمن تاجران دولت گیٹ ملتان کے زیراہتمام یوم تشکر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت صدر میاں تنویر حسین لنگاہ ،جنرل سیکرٹری عابد علی شیخ نے کی قائدین ریلی نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔شہدائے بہاول پور کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی کی قیادت میں جملہ میوزیم سٹاف مقامی حکومت کے زیر اہتمام فرید گیٹ سے شروع ہونے والی ریلی میں شریک ہوئے جو ختم نبوت چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ضلع کونسل سے وی چوک تک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جسکی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید عثمان منیر بخاری نے کی۔ ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر غزالہ کنول ، سی او بلدیہ راؤ نعیم خالد ، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو انجینئر دانش خلیل ، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن شازیہ انور، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی مایا سعید ، ایم این اے تہمینہ دولتانہ کے نمائندے ناصر دولتانہ ، سیاسی و سماجی رہنما نوشین ملک، ضلعی افسران ، سرکاری ملازمین ، تاجر ، وکلاء ، صحافی ، اساتذہ ، طلباء اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔