لائن لاسز میں 1.6 فیصد کمی، میپکو کو4ارب 70کروڑ کی بچت

March 28, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر )میپکو نے مالی سال 2022-23ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق میپکو نے مالی سال 2022-23ء کے دوران پروگریسو لائن لاسز کی شرح میں 1.6فیصد کمی کی ہے جس سے کمپنی کے 20 کروڑ 46لاکھ یونٹس بچاکر 4ارب70کروڑ روپے کا فائدہ پہنچاہے۔ جنوبی پنجاب میں بجلی صارفین سے بلنگ کی مد میں 328ارب روپے وصول کئے جس سے پروگریسو ریکوری کی شرح97 اعشاریہ75فیصد رہی ہے۔ایک لاکھ85ہزار 707بجلی چوروں کو مجموعی طورپر2 ارب10کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جس میں سے ایک ارب39کروڑروپے سے زائد رقم وصول کی گئی جبکہ مقدمات کے اندراج کے لئے بھیجی گئی 10 ہزار173درخواستو ں میں سے 2 ہزار188بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔ میپکو ریجن کے زیر انتظام 9 آپریشن سرکلوں میں 2 لاکھ46ہزار34نئے کنکشنز فراہم کئے ان کنکشنوں کی تنصیب کے بعد میپکوکے صارفین کی کل تعداد78لاکھ 89ہزار492ہوگئی ہے جس میں 70 لاکھ44 ہزار604گھریلو، 6لاکھ32ہزار452 کمرشل، 60ہزار635 صنعتی، 470 بلک سپلائی، ایک لاکھ سے5ہزار736زرعی ٹیوب ویل،43 ہزار685بلک سپلائی اور ایک ہزار910دیگر کیٹگریز کے صارفین شامل ہیں۔صارفین کی تعداد اور بجلی کے تقسیمی نظام کے لحاظ سے میپکو ملک کی نمبر ون بجلی کمپنی ہے۔ فروری2023ء کے اختتام تک میپکو ریجن میں بجلی فراہم کرنے والے 11KV فیڈرز کی تعداد1708ہوگئی ہے۔رواں مالی سال کے دوران4لاکھ50ہزار875خراب اورجلنے والے میٹرز تبدیل کئے گئے ان میں 4 لاکھ 33 ہزار665سنگل فیز میٹرز اور17ہزار210 تھری فیز میٹرز شامل ہیں۔میپکو ریجن میں بجلی فراہم کرنے والے گرڈ اسٹیشنوں کی تعداد 141 ہے۔ جنوبی پنجاب میں ہائی ٹینشن (HT) لائنوں کی کل لمبائی 81ہزار950کلومیٹر اور لوٹینشن (LT) لائنوں کی کل لمبائی50ہزار542کلومیٹر ہو گئی ہے جبکہ مالی سال کے دوران مختلف استعدادکار کے 4ہزار 319ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز سسٹم میں شامل کئے گئے ان ٹرانسفارمرز کی تنصیب کے بعد میپکو سسٹم میں بجلی فراہم کرنے والے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز 2 لاکھ29 ہزار 514ہو گئی ہے۔