برطانیہ میں ریٹیل سیلز میں سیکنڈ ہینڈ اور ڈسکاؤنٹ اسٹورز کے ذریعے اضافہ

March 29, 2023

لندن (پی اے) برطانیہ کی ریٹیل سیلز سیکنڈ ہینڈ اور ڈسکاؤنٹ اسٹورز کے ذریعے بڑھ گئیں۔ گزشتہ ماہ مصارف زندگی کے دباؤ کا سامنا کرنے والے شاپرز نے ڈسکاؤنٹ اور سیکنڈ ہینڈ اسٹورز کا رخ کیا، جس سے ریٹیل سیلز کو حیرت انگیز اضافہ ملا۔ سرکاری اعدادو شمار کے مطابق فروری میں سیلز کے حجم میں ایک اعشاریہ2فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال اکتوبر کے بعد سے سب سے بڑا ماہانہ اضافہ ہے۔ فوڈ سیلز میں بھی اضافہ ہوا۔ تاہم قومی اعدادو شمار کے دفتر کا کہنا ہے کہ علامات تھیں کہ قیمتوں کے دباؤ کے باعث ریسٹورنٹس اور ٹیک اوے میلز پر اخراجات میں کمی ہوئی۔ اس ہفتے کے شروع اعدادو شمار سے پتہ چلا تھا کہ قیمتوں میں اضافہ توقع سے تیز تر ہے۔ فروری تک کے سال کے دوران افراط زر وہ شرح جس پر قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے10اعشاریہ4فیصد ہوگئی اور اس طرح وہ40 سال کے عرصے کے لیے اپنی بلند ترین سطح پر رہی ہے۔ بینک آف انگلینڈ قیمتوں میں اضافے میں کمی کی کوشش میں سود کی شرح بڑھا رہا ہے اور جمعرات کو اس نے شرح4فیصد سے بڑھا کر 4اعشاریہ25فیصد کر دی۔ فروری کے دوران ریٹیل سیلز میں اضافہ فور کاسٹ سے زیادہ طاقتور تھا اور جنوری میں صفر اعشاریہ9فیصد کا اضافہ ہوا۔ قومی اعدادو شمار کے دفتر کے مطابق سیلز کا حجم اب وبا سے پہلے کی سطح پر واپس آگیا ہے۔ گرچہ ایک سال پہلے کے مقابلے میں اب بھی ساڑھے3فیصد کم ہے دفتر کی اکنامک اسٹیکٹس ڈارن مورگن کے مطابق وسیع تر صورت حال اب بھی زوال پذیر ہے کیونکہ ریٹیل سیلز میں حقیقی طور پر کم اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر گزشتہ18ماہ کے دوران کیونکہ قیمتوں میں اضافہ صارف کی خرچ کرنے کی قوت کو نشانہ بنا رہا ہے۔ دفتر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ نان فوڈ سیلز میں اضافہ ڈسکاؤنٹ ڈیپارٹمنٹ اور کلوتھنگ اسٹورز کے ذریعے ہوا۔ سیکنڈ ہینڈ گڈز اسٹورز میں بھی مضبوط اضافہ ہوا، جس میں آکشن ہاؤسز اور چیریٹی شاپس شامل ہیں۔ اے جے بیل کے ہیڈ آف فنانشل انالس ڈینی ہوسن نے کہا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ لوگ بارگین کی تلاش میں ہیں، خواہ وہ ڈیپارٹمنٹ اسٹورز میں ملے یا چیریٹی شاپس یا دوسرے سیکنڈ ہینڈ ایمپوریمز سے حاص ہو۔ پب چین ویدر سپون نے کہا ہے کہ توانائی، خوراک اور لیبر کی لاگت سے پیدا ہونے والا افراط زر کا دباؤ سخت رہا ہے، بینک آف انگلینڈ اور دوسرے حکام کو یقین ہے کہ افراط زر کم ہورہی ہے اور اگر یہ درست ہو تو یہ بڑے فائدے کا باعث ہوگی۔ ویدر سپون نے ایک سال قبل 31.3 ملین پونڈ نقصان کے مقابلے میں29جنوری تک6ماہ کیلئے4.6ملین پونڈ کے پری ٹیک منافع کی رپورٹ دی ہے ۔