انتخابات سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے، ٹرمپ

March 29, 2023

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ انہیں 2024ء کے صدارتی انتخابات سے دور رکھنے کے لیے حربے استعمال کر رہی ہے۔ ریاست ٹیکساس کے شہر وائیکو میں اپنی انتخابی مہم کی پہلی ریلی سے خطاب میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نظامِ انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے دور رکھنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی کیوں کہ وہ ملک کے مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے خطاب میں مزید کہا کہ امریکا کے عوام ملک کے لیے ان کی خدمات سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ انہیں اپنا پسندیدہ متبادل امیدوار گردانتے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں ایک جھوٹے مواخذے میں الجھا کر اور سزا دلوا کر راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی پر سازش کا الزام بھی عائد کیا۔ واضح رہے کہ سابق صدر کے خلاف ان دنوں امریکی شہر نیو یارک میں مین ہٹن کی گرینڈ جیوری کے سامنے ایک مقدمے کی کارروائی چل رہی ہے، جس میں ان کے خلاف فردِ جرم عائد ہو سکتی ہے۔ ٹرمپ کے حامی ری پبلکنز نے اسے سابق صدر کے خلاف سیاسی کارروائی قرار دیا ہے۔