ہر دسواں پاکستانی گردوں کا مریض وجہ، شوگر اور بلڈ پریشر، میرخلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کا سیمینار

March 29, 2023

لاہور(ایم کے آر ایم ایس رپورٹ )ہر دسواں پاکستانی گردوں کا مریض ہے جس کی وجہ شوگر اور بلڈ پریشر ہے،ملک میں سوا کروڑافرادکو شوگر ہے ہرسال 22ہزار مریض ڈائلسزپر چلے جاتے ہیں، ڈائیلسز کیلئےپانچ لاکھ سے زائد مشینیں درکار ہیں جبکہ دستیاب صرف پچاس ہزار ہیں ،مریض اپنے معالج کے مشورے سے روزہ رکھ سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار طبی ماہرین نے میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) اورالمکی المدنی ڈائیلسز سینٹر کے زیر اہتمام رمضان ، ذیابیطس اور ڈائیلسز کے عنوان پر مقامی ہوٹل میں منعقدہ خصوصی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس کی صدارت ڈاکٹر محمد جمیل چیئرمین المکی المدنی ڈائیلسز سینٹرنے کی، مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم تھے۔ دیگر مہمانان اور مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل کالج، پروفیسر ڈاکٹر وقار احمد(نیفرالوجسٹ) پروفیسر ڈاکٹر حامد حسن(کارڈیک سرجن) پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان ،پروفیسر ڈاکٹر ظہیر اختر (ماہر ذیابیطس)، ڈاکٹر طاہر رسول ، ڈاکٹرعمران مرتضیٰ ،شیخ پرویز ، ڈاکٹر خالد محمود ، ڈاکٹر عارف قیوم، ڈاکٹر شہباز اورڈاکٹر قمر بن خلیل شامل تھے۔ جبکہ میزبان واصف ناگی چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی تھے ۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ڈائیلسز کیلئےہمیں پانچ لاکھ سے زائد مشینیں چاہیں دستیاب صرف پچاس ہزار ہیں ۔ المکی المدنی سینٹر کا اقدام لائق ستائش ہے،بیماری ڈائلسز کی 80فیصد وجہ شوگر اور بلڈ پریشر ہے۔ ڈاکٹر محمد جمیل نے کہا کہ ہم ماہانہ سو مریضوں کا ڈائیلسز کر رہے ہیں اسے دو سو تک لے کر جائیں گے ہمارا مریضوں کا بالکل مفت علاج کر رہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ ذیابیطس اور ہائیپرٹینشن سےبروقت تشخیص سے بچا جا سکتا ہے علاج مستند ڈاکٹر سے کرائیں، پروفیسر ڈاکٹر وقار احمد نے کہا کہ ملک میں سو اکروڑ لوگوں کو شوگر ہے۔