انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے، کمشنر

March 29, 2023

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔کمشنر نے ہسپتال میں ہونے والے سول ورک کا معائنہ کیا اور سیپیج، ٹائل ورک ،واش رومز کی مرمت کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر پرنسپل راولپنڈی میڈیکل یو نیو ر سٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، میڈیکل سپر نٹینڈنٹ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن ڈاکٹر خالد جنجوعہ و دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ‏ کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے سول ورک کو جلد مکمل کیا جائے اورکام کےمعیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال کے ذریعے ترکش آرگنائزیشن کی جانب سے پانچ ڈائیلسز مشینوں کا تحفہ خوش آئند ہے۔ یہ مشینیں ہسپتال میں نصب کر دی گئی ہیں اور جلد ان کا افتتاح کر دیا جائیگا ۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کمشنرکو بتایا گیا کہ ہسپتال اس وقت سیمی آپریشنل فیز میں ہے۔ آرآئی یوٹی میں ڈائیلسز،لیتھروسکوپی اور او پی ڈی فعال ہے۔ ڈاکٹر عمر نےبتایا کہ ہسپتال کے مکمل فعال ہونے میں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیومن ریسورس کی کمی ہے۔ کمشنر کو سفارش کی گئی کہ ارجنٹ کیس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن سے ہسپتال میں بھرتیوں و ٹرانسفر کی اجازت لی جائے۔