بلڈنگ میٹریل، کوڑا کرکٹ پھینکنے پر 10 پراپرٹی مالکان کو نوٹس جاری

March 29, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب نے کہا ہے کہ بلڈنگ میٹریل اور کوڑا کرکٹ شاہراوں پر پھینکنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے ۔ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے انفورسمنٹ سیل نے گزشتہ روز مزید 10 پراپرٹی مالکان کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حتمی نوٹس کے بعد بھاری جرمانے اور پراپرٹی بھی سیل کی جائے گی۔شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں اور کمپنی ورکشاپ کا دورہ کرتے ہوئے کیا قبل ازیں کمپنی کی جانب سے عوامی شکایات پر ٹمبر مارکیٹ اور قاسم بیلہ کے علاقوں میں خصوصی سکریپنگ آپریشن بھی کیا گیا ۔سی ای او شاہد یعقوب نے کہا کہ مہذب قومیں اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں شہری اپنی قومی ذمہ داری نبھاتے ہوئے کوڑا کرکٹ اور بلڈنگ میٹریل شاہراہوں پر مت ڈالیں۔ کمپنی نے صاف ملتان مہم کے سلسلے میں کوڑے کے ڈھیر اور بلڈنگ میٹریل کلیئیر کرکے شاہراہوں کی دھلائی بھی شروع کی ہے جبکہ کمپنی کے انفورسمنٹ سیل کو مزید اختیارات دینے کیلئے حکومت کو سمری بھی بھیج دی ہے۔شاہد یعقوب کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی و تاجر برادری کی صفائی مہم میں شمولیت ناگزیر ہے۔