تھیلیسمیا متاثرہ بچوں کی مدد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، عبداللّٰہ خان

March 30, 2023

پشاور( جنگ نیوز )سابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا عبداللہ خان نے کہا ہے کہ تھیلیسمیاسے متاثرہ بچوں کی مدد کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، حمزہ فاؤنڈیشن ایسے بچوں کیلئے امید کی ایک کرن ہے جو دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کررہی ہے ۔ ان کیساتھ ہرقسم کا تعاون جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حمزہ فاؤنڈیشن ویلفیئرہسپتال پشاوردورہ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ادارے کے بانی اعجازعلی خان اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق خان نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ہسپتال میں تھیلیسمیا،ہیموفیلیا و دیگرامراض خون میں مبتلا رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 1452ہے جنہیں عطیات خون سمیت دیگر سروسز مفت فراہم کی جارہی ہیں۔اس مقصد کیلئے تعلیمی اداروں سمیت مختلف مقامات پر بلڈ ڈونیشن کیمپس لگائے جاتے ہیں۔ تاہم رمضان المبارک میں عطیات خون میں کمی واقع ہوتی ہے اور دیگر مشکلات کا بھی سامنا کرناپڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں شادی سے قبل تھیلیسمیاٹیسٹ لازمی قراردیکر اس مرض کو مزید پھیلانے سے روکا جاسکتا ہے ۔ ڈی آئی جی (ر)عبداللہ خان نے حمزہ فاؤنڈیشن کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں موجود جدید مشینری وآلات کے ذریعے متاثرہ بچوں کو محفوظ طریقہ سے انتقال خون فراہمی کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے متاثرہ بچوں اورانکے والدین سے بھی ملاقات کی اوریقین دہانی کرائی کہ ان کی جانب سے اس کارخیر میں حمزہ فاؤنڈیشن کیساتھ ہر قسم کا تعاون جاری رکھاجائے گا۔ادارے کے چیئرمین اعجازخان نے انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی جبکہ صوبے کیلئے سابق ڈی آئی جی کی خدمات کو بھی سراہا