روسی ہیکروں کا فرانسیسی پارلیمان کی ویب سائٹ پر حملہ

March 30, 2023

پیرس (نیوز ڈیسک) روسی ہیکروں نے فرانس کی قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر حملہ کرکے اسے درہم برہم کرکے رکھ دیا،جس کے بعد ویب سائٹ کو بند کردیا گیا۔ ماہرین نے بتایا کہ پیرس کی جانب سے کیف کی حمایت کرنے پر روس نواز ہیکنگ گروہ ’’نو نیم‘‘ نے پارلیمان کی ویب سائٹ پر سائبر اٹیک کیا ہے۔ سائبر ڈیفنس کے انچارج تھیلس گروپ کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ایوان فونٹارینسکی نے کہا بتایا کہ حملے کے بعد ویب سائٹ پر کوئی کام جاری رکھنا ممکن نہیں رہا ۔ فرانسیسی ماہرین کا کہنا ہے کہ ماسکو کا حامی یہ ہیکر گروپ خود کونونیم 057کا نام دیتا ہے۔ اس گروپ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر سائبر حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فرانس کی جانب سے یوکرین کی حمایت کا بدلہ ہے۔ واضح رہے کہ فرانس نے حال ہی میں اس نوعیت کے کئی سائبر حملوں کا سامنا کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہیکروں نے پیرس کے ہوائی اڈوں کی ویب سائٹ میں خلل ڈالا اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل سیکورٹی کی ویب سائٹ کو نشانہ بنایاتھا۔ان دونوں حملوں کی ذمہ داری روس نواز ہیکروںکے ایک اور گروپ نے قبول کی تھی۔