کراچی کی 6 یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی روکنے کے حکم میں 5 اپریل تک توسیع

March 30, 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی کی درخواست پر کراچی کی چھ یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی روکنے کے عدالتی حکم میں 5اپریل تک توسیع کردی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو خصوصی پیغام رساں کے ذریعے دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کراچی کی چھ یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی روکنے کی جماعت اسلامی کی درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی پیش نہ ہو سکا۔ درخواست گزار کے وکیل قیصر امام اور حسن جاوید شورش عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ الیکشن کمیشن کو نوٹس ہوگیا تھا لیکن آج کوئی آیا نہیں۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا دوبارہ سپیشل میسنجر کے ذریعے نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔ وکیل نے کہا کہ پانچ یونین کونسلز کراچی ویسٹ کی ایک کراچی ایسٹ کی شامل ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی راجہ عارف سلطان نے 17جنوری پوسٹ پول دھاندلی کی شکایت کی تھی۔ کیس کی مزید سماعت 5 اپریل کو ہو گی۔ نائب امیر جماعت اسلامی کراچی نے چھ یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی کے حکم کو چیلنج کر رکھا ہے۔