ملک سیاسی پنڈتوں کی رسہ کشی سے تختہ مشق بنا ہوا ہے، حسین مقدسی

March 31, 2023

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے) تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے کہا ہے کہ اس وقت آئین،عوام اور پاکستان سیاسی پنڈتوں کی رسہ کشی سے تختہ مشق بنا ہوا ہے۔ مظلوم کی آخری امید عدلیہ سے وابستہ ہوتی ہے،حکمران واضح کریں کہ سو موٹوکا اختیار عدل و انصاف کی فراہمی میں کس طرح رکاوٹ ہے، ان خیالات کااظہارانہوں نے ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی وفات کے سلسلے میں ایام الحزن کیآغازپر مجلس الحزن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ڈنمارک میں ترک سفارتخانے کے سامنے قرآن مجید کی بے حرمتیٍ کی شدید مذمت کرتے ہیں،اقوام متحدہ بین المذاہب منافرت پھیلانے والوں کو فوری شٹ اپ کال دے۔ شیطانی ایجنڈے سے نجات کیلئے ضروری ہے کہ مسلم حکمران عالمی شیطان امریکہ کے کیمپ سے باہر نکلیں اور باہم متحد ہوجائیں۔