سیاسی جماعتوں کو معاشی استحکام کے لئے میثاق معیشت کرنا چاہیے، رحمت وردگ

March 31, 2023

پشاور(نمائندہ خصوصی)تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی بحران مہنگائی غربت و بے روزگاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تبدیلی لانے کی بجائے ملک کو تباہی سے دو چار کیا گیا جس کا خمیازہ اب بھی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے یہ وقت انتخابات کا نہیں انتخابات پر اربوں روپے کی لاگت سے معاشی بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا رحمت خان وردگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی بحران کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر میثاق جمہوریت کرنا چاہئے جبکہ عمران خان کو بھی ضد ہٹ دھرمی اور انا پرستی سے کام لیتے اور ملک میں انتشار پھیلا کر معیشت کو مزید خراب کرنے کی بجائے معیشت کی بہتری کے لئے حکومت سے تعاون کرنا چاہئے۔ موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے انتخابات میں کروڑوں روپے خرچ کرنے والے سرمایہ دار ہی اسمبلی تک پہنچ سکتے ہیں جبکہ غریبوں کے نمائندوں کا اسمبلی میں پہنچنا ناممکن ہے لہٰذا عوام کے مفاد میں آنے والے انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر کروائے جائیں۔ رحمت خان وردگ نے کہا کہ عمران خان کو خود کو آئین قانون اور عدلیہ سے بالاتر سمجھنے کی بجائے قانون اور عدالتوں کا احترام کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش ہونا چاہئے۔ بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف سازشوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے عمران خان کی طرف سے فوج کے خلاف شرانگیز مہم بھارتی عزائم کو تکمیل کے لئے راہ ہموار کر رہی ہے یہ وقت فوج کو بدنام کرنے کا نہیں بلکہ بھارتی عزائم کو ناکام بنانے کے لئے فوج کا بھر پور ساتھ دینے کا وقت ہے۔