بہادر کشمیری رہنما اشفاق مجید وانی کی شہادت کو 33 برس مکمل

April 01, 2023

سرینگر (نیوز ڈیسک) اشفاق مجید وانی سے لے کر برہان وانی تک تحریکِ آزادی کی تاریخ خون سے لکھی جا رہی ہے، بہادر کشمیری رہنما اشفاق مجید وانی کی شہادت کو 33سال مکمل ہوگئے۔ 23 مارچ 1987کو مسلم یونائیٹڈ فرنٹ کو انتخابات سے دور رکھنےکیلئے بھارتی فوج نے اشفاق مجید وانی اور سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے جواب میں اشفاق مجید وانی نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ میں شمولیت اختیار کی اور تحریکِ آزادی کے سرگرم رکن بن گئے۔ اشفاق وانی کی 3سالہ جدوجہد نے وادی کشمیر میں تحریکِ آزادی میں نئی روح پھونک دی اور اشفاق وانی کی قیادت میں ہزاروں نوجوان بھارت کے غاصبانہ اقدام کے خلاف تحریکِ آزادیٔ کشمیر میں شامل ہوئے۔بھارتی سرکاری ذرائع کے مطابق 10ہزار سے زائد کشمیری نوجوان اشفاق مجید وانی سے متاثر ہو کر تحریک آزادی کشمیر میں شامل ہوئے، 30مارچ 1990کو 23سال کی عمر میں بھارتی فوج کے ساتھ مقابلے کے دوران سری نگر کے علاقے حَوّل میں جامِ شہادت نوش کیا۔اشفاق مجید وانی نے 1990میں رمضان المبارک کے تیسرے روزہ میں جامِ شہادت نوش کیا اُن کی ڈائری کے مطابق ماہِ رمضان میں روزے کی حالت میں شہادت اُن کی دلی خواہش تھی،شہید رہنما معروف کشمیری رہنما مقبول بٹ کی شہادت سے بے حد متاثر تھے۔ اشفاق مجید وانی کی شہادت پر وادی بھر میں پُر تشدد ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔واضح رہےاشفاق مجید وانی 5 ستمبر 1966 کو سرائے بالا سرینگر میں پیدا ہوئے، فٹبال، ٹیبل ٹینس اور میراتھون کے بہترین کھلاڑی تھے۔ 1985میں بین الریاستی میراتھون ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔