11 گاڑیاں، 58 موٹر سائیکل چوری، 2  ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 3 بھائی زخمی

April 01, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں ڈکیتی‘ راہزنی‘ سرقہ بالجبر‘ سٹریٹ کرائم‘ نقب زنی‘ چوری‘ خیانت مجرمانہ‘ فراڈ کے درجنوں واقعات میں لاکھوں روپے کی نقدی‘ زیورات اور دیگر قیمتی سامان سمیت 9گاڑیاں‘ 2رکشے‘ 58موٹر سائیکل‘ 53موبائل فونز ایک بھینس اور بچھڑا چوری ہو گئے۔ حسب معمول موٹر سائیکل سوار 2مسلح ملزمان مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے رہے۔ چھنی شیر عالم روات سے دکان بند کر کے گھر جاتے 3بھائیوں حبیب الرحمان‘ محمد علی اور محمد میر کو پولیس لائنز روات کے قریب عقب سے آنیوالے 2موٹر سائیکل مسلح ڈاکوؤں نے روکنے کی کوشش کی‘ نہ رکنے پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ تبکیاں گوجر خان سے محمد زبیر بٹ سے بھی 2موٹر سائیکل سوار 52ہزار اور سمارٹ فون چھین کر فرار ہو گئے۔ تھانہ نصیر آباد ایریا سے محمد عرفان ایڈووکیٹ کی کار چھن گئی۔ جڑواں شہروں میں دیگر وارداتیں تھانہ ترنول‘ تھانہ آبپارہ‘ سنگجانی‘ گولڑہ‘ تھانہ نون‘ رتہ امرال‘ نیو ٹاؤن‘ صادق آباد‘ کینٹ‘ نصیر آباد‘ تھانہ صدر واہ‘ آر اے بازارلوہی بھیر‘ تھانہ چونترہ‘ تھانہ روات‘ صدر بیرونی‘ تھانہ دھمیال‘ تھانہ جاتلی‘ شہزاد ٹاؤن‘ رمنا‘ کوہسار‘ مارگلہ‘ شالیمار‘ انڈسٹریل ایریا میں ہوئیں۔ یاد رہے مختلف وارداتوں کے دوران شہری 53موبائل فون سے محروم ہو گئے۔