اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار ) معروف گلوکار رحیم شاہ نے محمد علی دین کے فلاحی منصوبوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ معاشرے کا سرمایہ ہیں جو خاموشی سے دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، انہوں نے اوور سیز پاکستانیوں سے منصوبوں کی تکمیل کیلئے تعاون کی بھی اپیل کی ہے۔رحیم شاہ نے کہا کہ محمد علی دین نے اپنی ذاتی جائیداد فروخت کرکے ضلع میرپورخاص کے علاقے ڈگری میں غریب اور بے گھر افراد کے لیے 400گھروں پر مشتمل ایک رہائشی منصوبہ شروع کیا ہے جس میں اب تک 250گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ ایک اسکول بھی زیر تعمیر ہے تاکہ غریب بچوں کو تعلیم کی سہولت میسر آ سکے، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رحیم شاہ نے بتایا کہ محمد علی دین نے اپنے والد کی زمین پر مرحوم معین اختر کے نام سے ایک فلاحی اسپتال بھی تعمیر کیا، تاہم مقامی بااثر افراد نے اسپتال کی دیواریں گرا دیں اور منصوبے میں رکاوٹیں ڈالیں، قانونی معاملات سپریم کورٹ سے کلیئر ہو نے کے باوجود اب بھی انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس کے باعث وہاں جانا مشکل ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس تنازع سے متعلق ایک خاتون کو بھی قتل کیا جا چکا ہے،رحیم شاہ نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے۔