اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کی الیکشن کمیٹی نے رسجا انتخابات 2026ـ27,کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ووٹرز کی ابتدائی فہرست 28 جون کو آویزاں کر دی گئی جبکہ ووٹرز لسٹ پر اعتراضات جمع کرانے اور کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ (آج) 29جون مقرر کی گئی ہے، اسی روز انتخاب لڑنے والے امیدواروں کی ابتدائی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔ الیکشن کمیٹی کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات 30 جون تک جمع کروائے جا سکیں گے جبکہ امیدواران کی حتمی فہرست بھی 30جون کو جاری کی جائے گی۔ رسجا کے انتخابات کے لیے پولنگ یکم جولائی 2026 (بدھ) کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں دوپہر 12بجے سے شام 5بجے تک ہوگی، انتخابی نتائج کا اعلان اسی روز شام 7بجے کیا جائے گا۔ انتخابات میں ایک صدر، ایک سینئر نائب صدر، دو نائب صدور، ایک جنرل سیکرٹری، ایک سینئر جوائنٹ سیکرٹری، دو جوائنٹ سیکرٹریز، ایک خزانچی اور گورننگ باڈی کے پانچ اراکین کا انتخاب کیا جائے گا۔ رسجا الیکشن کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان ہیں۔ الیکشن کمیٹی کے دیگر ممبران میں عاصم جیلانی، رانا فرحان اسلم اور شاکر عباسی شامل ہیں۔ الیکشن کمیٹی نے تمام اہل اراکین سے اپیل کی کہ وہ انتخابی شیڈول پر سختی سے عمل کرتے ہوئے انتخابی عمل میں بھرپور تعاون کریں تاکہ انتخابات شفاف، منصفانہ اور خوش اسلوبی سے مکمل کیے جا سکیں۔