ڈوور میں فیریز کے مسافروں کو طویل انتظار کیلئے تیار رہنے کا مشورہ

April 02, 2023

لندن (پی اے) پروسیسنگ میں تاخیر اور خراب موسم کی وجہ سے ڈوور میں مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کی وجہ سے اب ڈوور میں فیریز کے مسافروں کو طویل انتظار کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ہفتہ کو ایسٹر گیٹ وے کے آغاز کے ساتھ پورٹ پر کم از کم 70 کوچز پروسیسنگ کے انتظار میں قطار میں کھڑی تھیں جبکہ مزید 400کے آنے کی توقع ہے۔ اسکولوں کی جانب سے تفریح کیلئے جانے والے بچے 12 گھنٹے سے زیادہ دیر تک پورٹ پر پھنسے رہے۔ پورٹ نے طویل انتظار پر معذرت کی ہے۔ ایک ترجمان نے 04:00 بجے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوچز کو 5-6گھنٹے انتظار کرنا پڑسکتا ہے، تاہم اس کے بعد اعلان کیا گیاکہ کوچز کو مزید کئی گھنٹے تاخیر کا سامنا کرناپڑے گا۔ پورٹ کا کہنا تھا کہ کارز بلاتاخیر گزر رہی ہیں اور سامان کی پروسیسنگ بھی تیزی سے کی جارہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فیریز کی لمبی قطاروں کا سبب ڈوور میں فرانس کی جانب سے بارڈر کا طویل پرسیجر ہے۔ چینل پر P&O اور DFDS دونوں ہی چینل کراسنگ میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ DFDS کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں مسئلے میں اضافہ کررہی ہیں۔ گزشتہ سال ڈوور پر ایک سنگین حادثہ اور ایسٹر پر فیریز کی کمی کو خراب موسم کا سبب قرار دیا گیا تھا۔ پورٹ کا کہنا ہے کہ اس سال پہلے ہی سے پلاننگ کے باوجود کوچز کی اضافی بکنگز سے آپریشن متاثر ہوا۔ پورٹ کاکہنا ہے کہ قطار میں کھڑے ہوئے لوگوں کو کھانا اور مشروبات فراہم کئے گئے۔ پورٹ کا کہنا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ تمام مسافرجلد از جلد اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔ بچوں کو فرانس لے جانے والی ایک کوچ کو سنیکس کے بیگ دیئے گئے، جن میں چاکلیٹ اور پانی بھی موجود تھا۔ ایک کوچ میں فرانس جانے والے یونیورسٹی کے طلبہ کا ایک گروپ گزشتہ رات کافی تاخیر سے جی ایم ٹی کے مطابق 20:00 بجے منزل پر پہنچا، ان لوگوں کو ڈوور پر تفریحی جہاز کے ٹرمینل پر رکھا گیا ہے اور توقع ہے کہ انھیں فیری حاصل کرنے کیلئے مزید 10 گھنٹے انتظار کرنا پڑے گا۔ DFDS کا کہنا ہے کہ اس اختتام ہفتہ بہت مصروفیت کی توقع ہے، اس نے لوگوں کو بارڈر پر چیکنگ کیلئے اضافی وقت دینے کیلئے تیار رہنے کو کہا ہے۔ مسافروں نے شکایت کی ہے کہ پورٹ پر اسکولوں اور یونیورسٹیز کے ہزاروں طلبہ پھنسے ہوئے ہیں۔ حکام انھیں سنیکس اور پانی فراہم کر رہے ہیں۔ فیری آپریٹر بھیڑ کو کم کرنے کیلئے فیریز کو متبادل انتظار کرنے کے مقامات پر بھیج رہے ہیں۔ P&O فیریز کا کہنا ہے کہ بارڈر چیک پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔اس سے قبل DFDS کے ترجمان نے طویل انتظار پر معذرت کی تھی۔