وکلا کے تحفظ بل کی منظوری تاریخی کارنامہ ہے، عالم زیب

April 02, 2023

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ لائرز فورم خیبر پختونخوا کے صوبائی سرپرست اعلیٰ اور پشاور ہائی کورٹ کے سینئر قانون دان عالمزیب خان نے وکلاء کے تحفظ بل کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے وکلاء کے ساتھ وعدہ پورا کرکے عمران نیازی کی عدلیہ کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنا دیا ۔ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے وکلاء کو تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے اس سے آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنے گی۔ عمران نیازی حکومت میں وکلا کو سیاسی مفادات کے لئے قربانی کا بکرا بنایا گیا۔ محمد نواز شریف نے آئین و قانون کی حکمرانی ‘عوام کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے تین بار وزارت عظمیٰ قربان دی‘انہیں جیل جانا پڑااور جلا وطن بھی ہونا پڑا۔ ان کے تاریخی لانگ مارچ سے آزاد عدلیہ بحال ہوئی ۔وکلاء نے آئین و قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے مسلم لیگ کا ساتھ دینے اور عمران نیازی کے آئین و قانون کی بالادستی کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کا تہیہ کر لیا۔