ملک میں آئینی بحران پیدا کرنے کی سازش کی جارہی ہے، پیپلزپارٹی

April 02, 2023

لاہور (اپنے نامہ نگار سے )4اپریل کو قائد عوام کا یوم شہادت پوری عقیدت و احترام سے منایا جائیگا،ڈویزنل،ضلعی اور ذیلی تنظیمیں دعائیہ تقریبات اور قرآن خوانی کا اہتمام کریں۔ان خیالات کا اظہار قائمقام صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب رانا فاروق سعید نے کہا کہ شہید بھٹو کے یوم شہادت پر ملکی ترقی ، سیاسی،معاشی اور آئینی استحکام کی دعائیں کی جائیں اورملک و قوم کیلیے بھٹو شہید کی عوامی خدمات کو اجاگر کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پارٹی عہدیدار کارکنان اور عوام الناس کیلیے افطار کا بھی اہتمام کریں۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا ہے کہ آئینی بحران پیدا کر کے ملک میں ایمرجنسی لگوانے کی سازش کی جا رہی ہے۔متنازعہ بنچ کا فیصلہ مزید آئینی و سیاسی بحران کا باعث بنے گا ،انہوں نے کہا کہ ذاتی ضد اور انا چھوڑ کر بحران کا حل نکالنا ہو گا۔ملک کو بند گلی میں پہنچانے والے سہولت کاروں کو قوم معاف نہیں کریگی ۔