آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر دماغ کی نشوونما متاثر کرتا ہے‘ خاتون اول

April 02, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر (اے ایس ڈی) بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر ایسا عارضہ ہے جو زندگی کے پہلے تین سال میں پیدا ہوتا ہے اور دماغ کی معمول کی نشوونما کو متاثر کرتا ہے۔ والدین ان علامات کو نوٹ کر کے فوری علاج کیلئے رجوع کریں۔ خاتون اول ہفتہ کو وفاقی دارالحکومت کے ایک ہسپتال میں عالمی آٹزم ڈے کے موقع پر سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر زیش نے بھی خطاب کیا۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ معذوری کے شکار افراد کو معاشرے میں شمولیت میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘ انہیں امتیازی سلوک، بدنظمی اور ضروری خدمات تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور روزگار تک رسائی میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ خاتون اول نے کہا کہ اے ایس ڈی ایک پیچیدہ نیورو ڈویلپ مینٹل عارضہ ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق تقریباً 59میں سے ایک بچہ آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر سے متاثر ہوتا ہے۔ معذور افراد کے حقوق پر اقوام متحدہ کا کنونشن (سی آر پی ڈی) ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے‘ پاکستان پہلے ہی اس کنونشن کی توثیق کر چکا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے معذور طلباء کیلئے پالیسیاں متعارف کرائی ہیں‘ انہیں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں فیس میں چھوٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ پی ٹی اے کی مدد سے پاکستان میں اردو میں تقریباً 128اعشاریہ پندرہ ملین آگاہی پیغامات بھیجے گئے۔ معذور افراد کیلئے ملازمتوں کے کوٹہ کو بھی سختی سے لاگو کیا جانا چاہئے۔ بینک، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، پرائیویٹ سیکٹر کی تنظیمیں، فلاحی فاؤنڈیشنز اور تنظیمیں بھی پی ڈبلیو ڈیز کی ملازمت کیلئے کام کر رہی ہیں۔ حکومت اور بینک انکی مالی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے رعایتی شرحوں پر قرضے دے رہے ہیں۔ دارالحکومت میں تمام عوامی عمارتوں کو پی ڈبلیو ڈیز کے موافق ہونے کیلئے اجازت نامے جاری کرتے وقت لازمی قرار دیا گیا ہے۔