عید کے روز کھانے میں احتیاط برتیں

April 20, 2023

رمضان کا بابرکت مہینہ اپنے اختتام کے ساتھ عید کی خوشیاں لاتا ہے۔ عید الفطر مسلمانوںکا ایک اہم مذہبی تہوار ہے، جسے یکم شوال کو منایا جاتا ہے۔ یہ پروردگار کی جانب سے روزے داروں کے لیےایک انعام ہے۔ اس دن مسلمانوں کو روزہ رکھنے سے منع کیا گیا ہے۔ لوگ عید پر نت نئے لباس اور انواع و اقسام کے پکوان سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ہر طرف ذائقہ دار کھانوں کی بہار نظر آتی ہے اور ان لذیذ پکوانوں کی اشتہا انگیز خوشبو ہر سُوپھیلی ہوتی ہے ۔ گھروں اور بازاروں میں انواع و اقسام کے پکوان اور مٹھائیاں بنائی جاتی ہیں۔

ایسے میں انسان کے لیے خود کو کھانے پینے کی لذیذچیزوں سے روکے رکھنا قدرے مشکل ہوتا ہے ۔ لیکن رمضان میںایک ماہ روزے رکھنے کے دوران ہمارے کھانے پینے کے معمولات میںتبدیلی آچکی ہوتی ہے، عید پر ہم انواع و اقسام کے پکوان سے وقت بے وقت لطف اندوز ہوتے رہیںتو اس کے منفی اثرات ہمارے معدے پر پڑنے کے امکانات ہوتے ہیں۔ ایک ماہ روزے رکھنے کے بعد اچانک چٹ پٹےکھانے اور مرغن غذائیں آپ کے جسمانی نظام کو متاثر کرسکتی ہیں، جس سے نہ صرف آپ نڈھال بلکہ موٹاپے کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔ اسی لیے طبی ماہرین عید کے دن کھانا کھانے میں اعتدال کا مشورہ دیتے ہیں۔

کیا معمول اپنائیں؟

ماہ صیام میں سحر سے افطار تک کھانے پینے کے وقفے کی وجہ سے معدے کی ایک خاص انداز میں تربیت ہوجاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ عید کے روز بہت زیادہ کھانا پینا معدےپر بوجھ اور امراض کا باعث بن سکتا ہے۔ اگر آپ اس مشکل سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں توذیل میں درج روٹین پر عمل کریں۔

٭ سنت کے مطابق صبح کی شروعات میٹھا کھانے سے کیجیے، یہ میٹھی شے کھیر،سویاں شیر خورمہ اور میٹھے چاول ہوسکتے ہیں لیکن خیال رہےکہ عیدکے موقع پر تیار ہونے والاشیرخورمہ بہت زیادہ نہ کھائیں۔ ان میٹھے کھانوں میں میوہ جات کا کثیر استعمال کیا جاتا ہے، جنہیں بغیر چبائے نگل جانا معدے کی گرانی کا سبب بنتے ہیں۔

٭ دوپہر کا کھانا سادہ ہونا ضروری ہے، رمضان کے فوری بعدبہت زیادہ مرغن اور چٹ پٹے کھانوں کا استعمال نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ عید کے دن دوپہر اور رات کے کھانے میں کم از کم چھ گھنٹے کا وقفہ رکھنا بےحد ضروری ہے کیونکہ روزے کے دوران معدہ15 سے 16 گھنٹے تک آرام کا عادی ہوچکا ہوتاہے اور وہ ردِعمل کے طور پر صحت کے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔

کھانے سے قبل پانی پینا

اگر آپ چاہتے ہیں کہ عید پر آپ بدہضمی اور بد پرہیزی جیسے مسائل سے محفوظ رہیں توکھانے سے پہلے دو گلاس پانی پئیں۔ پانی کے یہ دوگلاس آپ کو کھانے کے دوران کم کیلوریز لینے میں مدد دیں گے اوریہ بڑھتی خوراک میں کمی لانے کا بھی بہترین طریقہ ہے۔

چٹ پٹے کھانوں میں احتیاط

عید کے موقع پر چٹ پٹے کھانے کھانے کا رواج عام ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کچوریاں، پراٹھے،حلوہ پوری کا ناشتہ جبکہ دوپہر اور رات میں لذیذ کھانوں کا استعمال معدے پر شدید دباؤ ڈالتا ہے، جس سے پیٹ خراب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ اس لیے عید کے موقع پران کھانوں کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے۔ بلند فشار خون اور ذیابطیس کے مریضوں کو بالخصوص عید کے دن چٹ پٹے کھانوں کے زائد استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔

پیٹ بھر کر نہ کھائیں

دینِ اسلام میں سکھایا گیا ہے کہ اتنا کھاؤ کہ تھوڑی بھوک باقی رہ جائے۔ لیکن ہمارے معاشرے میں پیٹ بھر کے کھانے کا رواج عام ہوگیا ہے، اور کچھ لوگ تو اتنا کھالیتے ہیں کہ بعد میں ان کے لیے مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ کھانے کے لیے جب بھی بیٹھیں تو یہ مشہور قول ضرور یاد رکھیں کہ جینے کے لیے کھانا ہے، کھانے کے لیے نہیں جینا۔ اگرچہ یہ کوئی انقلابی جملہ نہیں مگر یہ کچھ سوچنے پر ضرور مجبور کرتا ہے۔ زیادہ کھانا صحت کے لئے نقصان دہ ہے کیونکہ اعصابی بیماریاں، دماغی کمزوری، بلند فشار خون، ذیابطیس اور پیٹ کے متعدد امراض زیادہ کھانے سے ہی پیدا ہوتے ہیں، اس لئے کھانے میں اعتدال سے کام لیں۔

چہل قدمی

ہم عید یا تہواروں کے موقع پر ورزش کرنا بھول جاتے ہیں لیکن ورزش سے متعلق یاد رکھیں کہ دوران ورزش انسان کا جسم خوش رکھنے والا ہارمون ایڈروفین خارج کرتا ہے جونہ صرف آپ کے کھانے کی اشتہا کو قابو میں رکھتا ہے بلکہ مزاج پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے۔

غذا میں پھلوں اور سبزیوں کا استعمال

عید پر مرغن غذائیں کھانے کے بجائے پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال کریں۔ پھلوں اور سبزیوں میں موجود پانی اور فائبر پیاس بجھانے کے ساتھ پیٹ بھرے ہونے کا احساس دلاتے ہیں۔ پھلوں میں موجود مٹھاس ہمارے جسم میں چینی کے لیے پائی جانے والی طلب کو پوراکرتی ہے، پھلوں کے استعمال سے آپ اتنا زیادہ میٹھا نہیں کھاتے جو وزن بڑھانے کا سبب بن جائے۔

سوفٹ ڈرنک سے گریز

طبی ماہرین کے مطابق رمضان المبارک میں اعتدال سے کھانا کھانے کے بعد عید کے موقع پر لوگ بدپرہیزی کرتے ہوئے زیادہ میٹھی، مرغن اور کولیسٹرول سے بھرپورغذاؤں کا استعمال کرتے ہیں۔ کولیسٹرول والے کھانےکے بعد کولڈڈرنک کا استعمال کافی نقصان دہ ہوتاہے۔ اس لیے کوشش کریں کہ عیدالفطر پر کھانےکے ساتھ کولڈرنک کے استعمال میں احتیاط برتی جائے۔ ضرورت سے زیادہ ٹھنڈےپانی اور برف کے استعمال سے بھی پرہیز کریں۔